3 ریاستی وزراء کا جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں دورہ، عوام سے ملاقات

   

اقلیتی خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم، حکومت اقلیتی بہبود کی اسکیمات میں سنجیدہ
حیدرآباد 30 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزراء پونم پربھاکر، اے لکشمن کمار اور جی ویویک وینکٹ سوامی نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے حبیب فاطمہ نگر میں اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے اندراماں میناریٹی مہیلا شکتی اسکیم کے تحت خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں لائی۔ تقریب میں رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، اقلیتی فینانس کارپوریشن کے صدرنشین عبیداللہ کوتوال، فوڈ کارپوریشن کے صدرنشین ایم اے فہیم، کرسچن کارپوریشن کے صدرنشین جان ویزلی، صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی، منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کرانتی ویزلی، سابق رکن پارلیمنٹ محمد اظہرالدین، کانگریس قائد نوین یادو اور این ایس یو آئی کے صدر وینکٹ سوامی موجود تھے۔ ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اقلیتی خواتین کی معاشی ترقی کے لئے کارپوریشن سے اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پہلے مرحلہ میں 10 ہزار سے زائد سلائی مشینیں تقسیم کئے گئے جبکہ دوسرے مرحلہ میں 33750 مشینیں تقسیم کی جائیں گی۔ تلنگانہ حکومت نے اندراماں میناریٹی مہیلا شکتی اسکیم کے لئے 3500 کروڑ مختص کئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس زیرقیادت عوامی حکومت اقلیتوں بالخصوص خواتین کی بھلائی کے لئے اسکیمات پر سنجیدگی سے عمل کرے گی۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے علاوہ تمام اسمبلی حلقہ جات میں سلائی مشینوں کی تقسیم کا منصوبہ ہے۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور میں جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کو نظرانداز کردیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی کے ذریعہ ہی حلقہ میں ترقی ممکن ہے۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ کے رائے دہندوں نے ترقی کے لئے کانگریس کے حق میں ووٹ دیا۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ تلنگانہ میں گزشتہ 10 برسوں میں نئے راشن کارڈس جاری نہیں کئے گئے جبکہ کانگریس حکومت نے نہ صرف کارڈ جاری کئے بلکہ باریک چاول کی سربراہی کا آغاز کیا۔ اُنھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فلاحی اسکیمات کی برقراری کے لئے کانگریس کی تائید کریں۔ ریاستی وزراء لکشمن کمار اور جی ویویک وینکٹ سوامی نے عوام کو یقین دلایا کہ کانگریس پارٹی جوبلی ہلز کے تمام دیرینہ مسائل کی یکسوئی کرے گی۔1