3.5 کروڑ تلنگانہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں: کھرگے

   

حیدرآباد۔/2 جولائی ، ( سیاست نیوز) صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے کہا کہ تلنگانہ کے 3.5 کروڑ عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ راہول گاندھی کے دورہ کھمم پر ٹوئیٹ کرکے ملکارجن کھرگے نے کھمم میں راہول گاندھی کی جنا گرجنا ریالی کو تلنگانہ عوام کی آواز سے تعبیر کیا۔ کھرگے نے سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے پدیاترا مکمل کی اور 1360 کیلو میٹر کا احاطہ کیا۔ صدر کانگریس نے کھمم جلسہ میں کئی اہم قائدین کی کانگریس میں شمولیت کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس سے تلنگانہ عوام کے ہاتھ مضبوط ہوں گے۔ کانگریس کو متحدہ قیادت پر فخر ہے اور تلنگانہ میں پارٹی قائدین متحدہ طور پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے کانگریس کا بلیو پرنٹ تیار کرلیا گیا ہے جو تلنگانہ میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ کانگریس پارٹی سماجی انصاف اور مساوات کی بنیاد پر تلنگانہ میں ترقی کے عہد کی پابند ہے۔ر