بی پی ، شوگر اور تین قسم کے کینسر کی روک تھام کیلئے 20 فروری سے ٹسٹ
حیدرآباد۔ 18 فروری (سیاست نیوز) ملک بھر میں غیرمتعدی امراض (این سی ڈی) کے بڑھتے ہوئے واقعات پر مرکزی وزیر صحت نے خصوصی طبی معائنہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں مرکز نے حال ہی میں تمام ریاستوں کو این سی ڈی کے طبی معائنے ، ایوشمان صحت مراکز (بستی دواخانے اور سَب سنٹرس کے علاوہ دیگر سرکاری ہاسپٹلس میں 20 فروری تا 31 مارچ تک ) پر کرانے کی ہدایت دی ہے۔ 30 سال سے زیادہ عمر والے ہر فرد کو لازمی طور پر ٹسٹ کرانے کا مشورہ دیا گیا۔ قومی صحت مشن کے ایک حصہ کے طور پر آشا ورکرس، اے این ایم کو گھر گھر پہنچ کر ایم سی ڈی کے ٹسٹ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ خاص طور پر بلڈ پریشر، ذیابیطس کے ساتھ ساتھ منہ ، چھاتی اور سروائیکل کینسر کی اسکریننگ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ قومی غیرمتعدی امراض کی روک تھام اور کنٹرول پروگرام کے ایک حصہ کے طور پر شروع کیا گیا۔ ریاستوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام سرکاری ہاسپٹلس میں این سی ڈی ٹسٹ کیلئے ضروری انتظامات کریں اور ساتھ ہی روزانہ کی بنیاد پر این سی ڈی پورٹل کا معائنے کی تفصیلات اَپ لوڈ کرنے کا حکم دیا۔ مرکزی حکومت نے ریاستی سطح کے این سی ڈی نوڈل آفیسرس، عالمی ادارۂ صحت کے این سی ڈی کنسلٹنٹس اور اس پروگرام میں حصہ لینے والے تمام ضلعی آفیسرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس پروگرام کی جانچ کی پیشرفت کا جائزہ لے ۔ 2