30 نومبر کو لوک سبھا اور 2 ڈسمبر کو راجیہ سبھا کا اجلاس

,

   

حلقہ جات کی از سر نو حد بندی و خواتین تحفظ بل منظور کروانے کی کوشش ۔ اپوزیشن کے اندیشے درست ثابت ہوئے

نئی دہلی 26 نومبر (یو این آئی) پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے سلسلے میں اپوزیشن کے سوالات کے درمیان حکومت نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اجلاس 30 نومبر اور 2 دسمبر سے دوبارہ منعقد کرنے کی درخواست کی ہے ۔پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے بتایا کہ حکومت نے لوک سبھا اسپیکر سے درخواست کی کہ ضروری سرکاری کام کاج نمٹانے ایوان کا اجلاس 30 نومبر کو دوبارہ بلایا جائے ۔ اسی طرح راجیہ سبھا کے صدر نشین سے بھی ایوان کا اجلاس 2 دسمبر کو بلانے کی درخواست کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ایوانوں کے اجلاس کام کاج کے مطابق 3 دسمبر تک جاری رہ سکتے ہیں۔مسٹر رجیجو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ حکومت نے ضروری سرکاری کام کاج نمٹانے لوک سبھا کے اسپیکر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین سے درخواست کی ہے کہ لوک سبھا کا اجلاس 30 نومبر اور راجیہ سبھا کا اجلاس 2 دسمبر سے دوبارہ بلایا جائے ۔ کام کاج کی تکمیل کی بنیاد پر دونوں ایوانوں کے اجلاس 3 دسمبر تک جاری رہ سکتے ہیں۔پارلیمانی امور کے وزیر نے اس بات کا کوئی ذکر نہیں کیا کہ ان اجلاسوں میں کون سے ضروری سرکاری کام نمٹائے جائیں گے ، تاہم ایسی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ حکومت ان اجلاسوں میں حلقہ بندیوں کے بل اور خواتین ریزرویشن سے متعلق بل منظور کرانے کی کوشش کر سکتی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی کو شروع ہوا تھا اور 13 اگست کو دونوں ایوانوں کی کارروائی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی تھی، لیکن اب تک باضابطہ اجلاس کا اختتام نہیں کیا گیا تھا۔ اس طرح دونوں ایوانوں کے یہ اجلاس مانسون اجلاس کا تسلسل ہوں گے ۔عام طور پر مانسون اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کیے جانے کے چند دن بعد اس کا باضابطہ اختتام کر دیا جاتا ہے اور نومبر کے آخری ہفتے میں سرمائی اجلاس بلایا جاتا ہے ۔ اجلاس کے اختتام کے بعد نئے اجلاس کیلئے صدر جمہوریہ سے منظوری لی جاتی ہے ، لیکن اس مرتبہ مانسون اجلاس کا باضابطہ اختتام نہ کیے جانے سے صدر جمہوریہ کی منظوری کی ضرورت نہیں ہے ۔اپوزیشن مانسون اجلاس کا باضابطہ اختتام نہ کیے جانے پر حکومت کی نیت پر سوال اٹھاتا رہا ہے اور اسے پارلیمانی روایات کی خلاف ورزی قرار دیتا رہا ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں، خصوصاً کانگریس کا الزام ہے کہ بی جے پی کو پارلیمانی جمہوریت پر بھروسہ نہیں ۔ اپوزیشن مسلسل یہ بھی کہتا رہا ہے کہ حکومت حلقہ بندیوں کے بل اور خواتین کے ریزرویشن سے متعلق بل کو جوڑ توڑ سے منظور کرانے پارلیمنٹ کا اجلاس بلانا چاہتی ہے ، اسی لیے مانسون اجلاس کا باضابطہ اختتام نہیں کیا جا رہا ہے ۔ حکومت نے گزشتہ اپریل میں حلقہ بندیوں کا بل لوک سبھا میں پیش کیا تھا، لیکن اپوزیشن متحد ہونے سے ووٹنگ کے دوران یہ بل منظور نہیں ہو سکا تھا۔ آئین میں ترمیم سے متعلق بل ہونے کے سبب اسے منظور کرانے دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہوتی ہے ۔