وقارآباد ۔ 11 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع پولیس نے حکومت کی جانب سے سربراہ کیے جانے والے 300 کنٹل راشن کے چاول کی غیر قانونی منتقلی کا پردہ فاش کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس سلسلہ میں آج دفتر ایس پی وقارآباد میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ایس پی ضلع وقارآباد نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے بتایا کہ 10 نومبر کی دوپہرموصولہ مصدقہ اطلاع کے بعد انچارج انسپکٹر وقارآباد ضلع ٹاسک فورس ٹیم ایم۔ وینکٹیشم نے ٹاسک فورس ٹیم اورسب انسپکٹر پولیس پدیمول محمد عبدالرؤف اور ان کی ٹیم کیساتھ پدیمول منڈل کے موضع مندھان پلی کے قریب ایک بولیرو ویان کو روک کر تلاشی لی تو اس میں 30 کنٹل راشن کے چاول موجود تھے جسے غیر قانونی طریقہ سے منتقل کیا جارہا تھا۔ ٹاسک فورس اور پدیمول پولیس کی ٹیم نے اس چاول اور گاڑی کو ضبط کرتے ہوئے اس گاڑی میں موجود بولیرو گاڑی کے مالک پریم سنگھ اور گاڑی کے ڈرائیور سنتوش نرسنگ کوتحویل میں لے لیا۔اور ان کے خلاف پدیمول پولیس اسٹیشن میں ایک کیس کرائم نمبر 148؍ 2022کے تحت آئی پی سی 420 اور 7 ای سی ایکٹ کے تحت کیس درج رجسٹر کرلیا گیا۔ ایس پی ضلع وقارآباد نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے بتایاکہ جب پریم سنگھ اورسنتوش نرسنگ سے پولیس نے تفتیش کی تو انہوں نے بتایا کہ ضبط شدہ چاول وہ ذاکرعلی،پیشہ ڈرائیور،ساکن ہوتی کے موضع،ظہیر آباد منڈل،سنگاریڈی ضلع کوفروخت کرنے کی غرض سے لے جارہے تھے۔ تو فوری وقارآبادضلع پولیس نے ظہیر آباد پہنچ کر ذاکرعلی کے مکان پر دھاوہ منظم کیا تو وہاں ایک ڈی سی ایم ویان میں 270 کنٹل غیر قانونی راشن چاول پایا گیا۔پولیس نے ذاکرعلی کوتحویل میں لیکر پوچھ تاچھ کی تو اس نے بتایا کہ وہ یہ راشن کا چاول ویدیہ ناتھ اور جہانگیر کو فروخت کرنے کے لیے لے جارہا ہے۔ بعدازاں پولیس نے ذاکرعلی، پریم سنگھ اورسنتوش نرسنگ کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے جملہ 300 کنٹل راشن کا چاول( پی ڈی ایس رائس)، بولیرو اور ڈی سی ایم گاڑیاں ضبط کرلیں۔ اس پریس کانفرنس میں ایڈیشنل ایس پی ڈاکٹر ایم اے رشید بھی موجود تھے۔ایس پی ضلع وقارآباد نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے غیر قانونی طریقہ سے راشن کے چاول کی منتقلی میں مصروف گینگ کا پردہ فاش کرتے ہوئے اتنی بڑی مقدار میں سرکاری چاول ضبط کرنے پر اس پریس کانفرنس میں موجود پولیس ملازمین اور ٹاسک فورس ٹیم کے ارکان کو ریوارڈ دینے کا اعلان کیا۔