32 ٹیمیں، ایک کپ: ورلڈکپ فٹبال کا آج دوحہ، قطر میں آغاز

   

دوحہ (قطر): فٹبال کی دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ فیفا مینز ورلڈ کپ 2022 اتوار 20 نومبر کو میزبان قطر اور ایکواڈور کے درمیان میچ سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ فیفا ورلڈ کپ 1930 میں یوراگوئے میں شروع ہوا تھا۔ اب 92سال بعد ٹورنمنٹ ایک نئے مقام پر نئے چمپئن کا تاج پہنانے کیلئے تیار ہے ۔ فٹبال ورلڈ کپ پہلی بار قطر میں منعقد ہو رہا ہے ۔ اس سے قبل ورلڈ کپ 2018روس میں منعقد ہوا تھا جہاں فائنل میں فرانس نے کروشیا کو شکست دی تھی۔ 2022کے ٹورنمنٹ میں 32ٹیموں کو 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ موجودہ چمپئن فرانس کو گروپ D میں آسٹریلیا، ڈنمارک اور تیونس کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ رنر اَپ کروشیا، بلجیم، کینیڈا اور مراقش گروپ F میں ہیں۔ میزبان قطر اور ایکواڈور گروپ A میں ہالینڈ اور سنیگال کے ساتھ ہیں۔ لیونل میسی والا ارجنٹائن، سعودی عرب، میکسیکو اور پولینڈ گروپ C میں ہے ۔ یورو 2020کے رنر اپ انگلینڈ کو گروپ B میں ایران، امریکہ اور ویلز کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ اس ٹورنمنٹ کا فاتح اٹلی اس بار ورلڈ کپ میں جگہ بنانے میں ناکام رہا۔ چار بار ورلڈ کپ جیتنے والا جرمنی گروپ E میں اسپین، کوسٹاریکا اور جاپان کے ساتھ ہے ۔ جرمنی 2014 میں چمپئن ہونے کے باوجود 2018کے ایونٹ میں ناک آؤٹ میں جگہ بنانے میں ناکام رہا تھا اور اس بار ٹیم گزشتہ ایونٹ کی غلطیوں کو سدھارنے کی کوشش کرے گی۔ 5 بار کے عالمی چمپئن برازیل کا مقابلہ گروپ G میں سربیا، سوئٹزرلینڈ اور کیمرون سے رہے گا جبکہ گروپ H میں کرسٹیانو رونالڈو زیرقیادت پرتگال، گھانا، یوروگوئے اور جمہوریہ کوریا نے مقام پایا ہے ۔ اپنے ملک کیلئے پہلا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب دیکھ رہے رونالڈو اپنے گروپ میں یوروگوئے کے خلاف محتاط رہنا چاہیں گے ، جو پچھلے ٹورنمنٹ سے ان کی ٹیم کو باہر کرنے کی ذمہ دار بنی۔ قطر جو پہلی بار ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہے اس نے بھی ایونٹ کیلئے بھرپور تیاریاں کی ہیں۔ ورلڈ کپ کے 64 میچز دارالحکومت دوحہ میں واقع آٹھ اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے ، جن میں سے سات پچھلے تین سال میں تقریباً 6.5بلین ڈالر کی لاگت سے تعمیر کئے گئے ہیں۔ ان میں سے چھ اسٹیڈیم میں 40,000 تماشائیوں کی گنجائش ہے جبکہ دوحہ کے سب سے بڑے اسٹیڈیم ’لوسیل‘ میں فٹبال سے لطف اندوز ہونے کیلئے 80,000 شائقین بیٹھ سکتے ہیں۔ لوسیل میں ورلڈ کپ فائنل اور ایک سیمی فائنل سمیت کل 10میچز کھیلے جائیں گے۔اتوار کو شروع ہونے والا سفر 18 دسمبر کو ختم ہو گا، جب ہمیں فٹبال کا نیا عالمی چمپئن ملے گا۔