حیدرآباد ۔ 6 جون (سیاست نیوز) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف رینکنگ فریم ورک (NIRF) کی حالیہ رینکنگس میں عثمانیہ یونیورسٹی کو مجموعی زمرہ میں 64 واں رینک حاصل ہوا جبکہ ہندوستان میں ٹاپ 100 یونیورسٹیز میں 36 واں مقام حاصل ہوا۔ ٹاپ یونیورسٹیز میں یہ مقام حاصل کرنے والی عثمانیہ یونیورسٹی تلنگانہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی واحد یونیورسٹی ہے حالانکہ حالیہ رینکنگس میں اس کے رینک میں گذشتہ سال کے مقابل کمی ہوئی ہے۔ گذشتہ سال کی رینکنگس میں عثمانیہ یونیورسٹی کو مجموعی زمرہ میں 46 واں اور ٹاپ 100 یونیورسٹیز میں 22 واں رینک حاصل ہوا تھا۔ تلنگانہ کی دیگر دو یونیورسٹیز، جواہر لال ٹکنالوجیکل یونیورسٹی اور کاکتیہ یونیورسٹی کو بھی بالترتیب انجینئرنگ اور فارمیسی زمروں میں ٹاپ یونیورسٹیز میں شامل کیا گیا ہے۔ این آئی آر ایف کی رینکنگس میں کہا گیا کہ تلنگانہ میں زیادہ تر سنٹرل یونیورسٹیز کا مظاہرہ بہتر ہے۔ انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹکنالوجی حیدرآباد (IITH) کو ہندوستان میں بہترین انسٹیٹیوٹ قرار دیا گیا ہے۔