ہونان: /30 ستمبر (ایجنسیز) چین کے صوبہ ہونان میں ایک 4 سالہ بچی 20ویں منزل سے نیچے گرنے کے بعد معجزانہ طور پر زندہ بچ گئی۔ یہ حیرت انگیز واقعہ 16 ستمبر کو اس وقت پیش آیا جب بچی کھیلتے ہوئے اپنی رہائشی عمارت کی کھڑکی سے نیچے جا گری۔خوش قسمتی سے وہ سیدھا 13ویں منزل کے رین کینوپی پر گری، جس نے اس کی جان بچا لی۔ عین اسی لمحے 14ویں منزل پر رہنے والی مسز وو نے شور سن کر اپنی بالکونی سے باہر دیکھا تو بچی کو کینوپی پر پھنسے ہوئے پایا۔مسز وو نے فوراً ہمت دکھائی، آگے بڑھ کر بچی کے ہاتھ پکڑ لیے اور اپنے بیٹے کو مدد کے لیے فون کرنے کی ہدایت دی۔ اس دوران پڑوسی بھی جمع ہوگئے اور ریسکیو اہلکاروں نے پہنچ کر بچی کو بحفاظت نکالا۔واقعے میں بچی کو بازو پر معمولی چوٹیں آئیں جبکہ مسز وو کے ہاتھوں پر چھالے اور زخم ہوگئے۔ تاہم سب نے ان کی بہادری کو سراہا۔