4 سال بعد پشپا 3 پردے پر آئے گی

   

حیدرآباد ۔ پشپا 2: دی رول فلم نے باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کردیا ہے۔ اللو ارجن کی اداکاری کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔ توانائی، ڈرامہ، ایکشن سیکوینسز اور ہر چیز سے پشپا 2 نے معیارکو بہت بلند کردیا ہے۔ اس فلم میں رشمیکا مندنا اور فہد فاضل بھی اہم کرداروں میں ہیں۔ سوکمار کی ہدایت میں بنی پشپا 2: دی رول کو بے حد محبت مل رہی ہے۔ ریلیز کے صرف 10 دنوں میں پشپا 2 نے ہندوستانی باکس آفس پر820 کروڑ روپے کا سنگ میل عبورکرلیا ہے۔ اس کامیابی نے پشپا 3 کے لیے جوش و خروش پیدا کردیا ہے۔ فلم کے بنانے والوں نے باقاعدہ اعلان کردیا ہے کہ پشپا 3 آنے والی ہے۔ پشپا 2: دی رول کے اختتامی مناظر میں پشپا 3 کا اعلان شامل ہے۔ اس کا باضابطہ عنوان پشپا 3: دی ریمپیج رکھا گیا ہے۔ فلم کو پہلے دو حصوں کی طرح میئتھری مووی میکرز کے بینر کے تحت پروڈیوس کیا جائے گا۔ اب پروڈیوسرز نے پشپا3 کی شوٹنگ کے شیڈول کے بارے میں انکشاف کیا ہے۔ نیوز ایکس کے ساتھ ایک انٹرویو میں، میئتھری مووی میکرز کے نوین یرنینی نے کہا ہے کہ پشپا 3کی شوٹنگ دو سال بعد شروع ہو گی لیکن مداحوں کو شوٹنگ شروع ہونے کے بعد تین سال انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ فلم سازوں نے تصدیق کی ہے کہ ایک سال یا ڈیڑھ سال میں وہ شوٹنگ مکمل کرنے اور فلم ریلیزکرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ یہ خبر فلمی دنیا میں بڑی اہمیت رکھتی ہے۔ نوین یرنینی کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللو ارجن کو پشپا راج کے طور پر بڑے پردے پر واپس آنے میں مزید چارسال لگیں گے۔ تاہم، اطلاعات کے مطابق ان کے پاس مزید دو فلمیں بھی ہیں جنہیں وہ جلد مکمل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔اللو ارجن کے مداحوں کو پشپا کے علاوہ ان کی دیگر فلموں کا بے صبری سے انتظار ہے ۔