چھتر پور: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کانگریس کا نام لیے بغیر پچھلی مرکزی حکومتوں پر چار کروڑ فرضی ناموں سے راشن لوٹنے کا الزام لگایا اور کہا کہ موجودہ حکومت نے اس لوٹ کو روکا، اس لیے اپوزیشن میں ہلچل ہے ۔ مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مدھیہ پردیش کے چھتر پور میں منعقد پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) کے تحت تقریباً ساڑھے پانچ لاکھ خاندانوں کے ‘گریہ پرویشم’ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے ۔ مرکز کی اس کثیر جہتی اسکیم کا ریاستی سطح کا پروگرام یہاں منعقد کیا گیا، جس میں وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے بھی شرکت کی۔ اس پروگرام میں وزیر اعظم نے ملک کے لوگوں سے آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت اگلے ایک سال میں ہر ضلع میں کم از کم 75 امرت سروور بنانے کی اپیل کی۔ مودی نے کہا کہ مرکز کی موجودہ حکومت نے سب سے بڑی وبا کے دوران بھی غریبوں کو مفت راشن فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اب تک دو لاکھ 60 ہزار کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں اور آنے والے وقت میں مزید 80 ہزار کروڑ روپے خرچ ہوں گے ۔