ایک سال سے حکومت نے منظوری نہیں دی
حیدرآباد۔/8 فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سوشیل ویلفیر اقامتی تعلیمی اداروں کی سوسائٹی نے ریاست میں 40 کنڈر گارڈن اسکولس کے قیام کی ایک سال قبل سفارش کی تھی لیکن آج تک ریاستی حکومت نے اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ سوسائٹی نے سوشیل ویلفیر کے ہاسٹلس کی عمارتوں میں کے جی اسکولس کے قیام کی سفارش کی اور فبروری 2019 میں حکومت سے فنڈز کی درخواست کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ابھی تک پائلٹ پراجکٹ کے طور پر نلگنڈہ ضلع کے نکریکل میں صرف ایک اسکول کا آغاز ہوا ہے۔ اسکولوں کے قیام کا مقصد دیہی علاقوں میں بنیادی تعلیم کو مستحکم کرنا ہے۔ ٹی آر ایس حکومت کے کے جی تا پی جی مفت تعلیم کے وعدہ کی تکمیل کے سلسلہ میں یہ اسکولس اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومت نے فبروری 2019 سے سوسائٹی کی تجویز کو منظوری نہیں دی۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کئی اضلاع میں کے جی اسکولوں کے قیام کی کافی مانگ ہے کیونکہ حکومت کی سطح پر پری پرائمری اسکولس نہیں ہیں۔ تجویز میں سوشیل ویلفیر کے بند پڑے ہاسٹلس کے استعمال کا مشورہ دیا گیا۔نکریکل میں پلے اسکول کا آغاز طلبہ کی قابل لحاظ تعداد کے ساتھ ہوا تھا لیکن آج طلبہ کی تعداد صرف 10 ہے۔ سوشیل ویلفیر اقامتی اسکول سوسائٹی تعلیمی سال 2020 سے طلبہ کی تعداد میں اضافہ کا منصوبہ رکھتی ہے۔ مذکورہ اسکولوں کو چلانے کیلئے سوسائٹی ووکیشنل کورسیس کے طلبہ کو تربیت دے رہی ہے۔