40 ارب ڈالر کا مالک، مگر سائیکل پر سفر!

   

بیجنگ۔ 22 جولائی (ایجنسیز) ای کامرس کمپنی ’’علی بابا‘‘ (Alibaba.com)کے بانی جیک ما دنیائے ٹیکنالوجی کی جانی پہچانی شخصیت ہیں۔جیک ما 40 ارب ڈالرز سے زیادہ کے مالک ہیں مگر سادہ زندگی گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں اور نمود و نمائش کے مخالف ہیں۔ ان کی ایک نئی ویڈیو ایکس پر سامنے آئی ہے جس میں وہ چین کے شہر ہانگڑو میں سائیکل پر سفر کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ان کے اردگرد کوئی باڈی گارڈ نہیں اور ہانگڑو کی گلیوں میں سائیکل پر سفر کر رہے ہیں۔ویڈیو میں ایک چینی خاتون نے جیک ما سے کچھ بات چیت بھی کی۔اس ویڈیو کو اب تک ہزاروں بار دیکھا جاچکا ہے۔جیک ما پیدائشی امیر نہیں بلکہ ایک زمانے میں بہت زیادہ غریب تھے۔1988 میں گریجویشن کے بعد انہوں نے ہانگڑو میں ایک یونیورسٹی میں استاد کے طور پر کام شروع کیا جب ان کی تنخواہ محض 12 ڈالر تھی۔1995 میں امریکہ کے سفر کے دوران انٹرنیٹ نے انہیں مسحور کرلیا اور پھر انہوں نے 2 انٹرنیٹ کمپنیوں کی بنیاد رکھی جو ناکام ثابت ہوئیں۔ 1999 میں انہوں نے علی بابا کمپنی کو متعارف کرایا جو اب دنیا کی چند بڑی ای کامرس کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ایک زمانے میں وہ چین میں عوامی سطح پر کافی سرگرم تھے مگر 2019 کے بعد سے وہ زیادہ وقت خاموشی سے زندگی گزار رہے ہیں۔2019 میں انہوں نے علی بابا سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔اکتوبر 2020 میں ان کی جانب سے چین کے بینکنگ ریگولیٹرز پر تنقید کی گئی تھی جس کے بعد حکام نے ان کے آنٹ گروپ کے مجوزہ 37 ارب ڈالرز کے آئی پی او کو روک دیا تھا۔اس کے بعد جیک ما کافی عرصے تک چین سے باہر رہے، مگر 2023 سے وہ چین میں ہی ہیں۔کچھ سال قبل انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ وہ اس وقت زیادہ خوش تھے جب ان کی آمدنی نہ ہونے کے برابر تھی اور زندگی کا وہ دور سب سے بہترین تھا۔اپنے مختلف انٹرویوز میں وہ کہہ چکے ہیں کہ جب آپ 10 لاکھ ڈالرز کماتے ہیں تو ’خوش قسمت‘ ہیں مگر جب یہ رقم ایک کروڑ ڈالرز تک پہنچ جاتی ہے تو آپ مشکل میں پڑجاتے ہیں۔