غزہ : اسرائیلی فوج نے منگل کو علی الصباح غزہ پٹی پر فضائی حملے میں تحریک جہاد اسلامی کے تین کمانڈروں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔ صہیونی فوج کے 40 طیاروں نے بمباری کی۔فوج کے بیان میں بتایا گیا ہیکہ اسرائیلی کارروائی میں جہاد اسلامی کے شمالی ریجن کے کمانڈر خلل البیتمی ہلاک ہو گئے۔ کمانڈر خلیل گذشتہ چند مہینوں کے دوران غزہ کے سرحد کے قریب واقع یہودی بستیوں پر میزائل حملوں کے ماسٹر مائنڈ سمجھے جاتے تھے۔اسرائیلی بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ غزہ پٹی پر منگل کے صبح ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے میں جہاد اسلامی کے عسکری بازو سرایا القدس کی ملٹری کونسل کے جنرل سیکرٹری جھاد غنام اور غرب اردن میں متعدد کارروائیوں کو منظم کرنے کے نگران طارق عزالدین بھی مارے گئے۔صہیونی فوج کے بیان میں دعوی کیا گیا ہے کہ منگل کے روز کی جانے والی کارروائی اسرائیل کی داخلی سلامتی کے ادارے ’’الشاباک‘‘ کے تعاون سے عمل میں لائی گئی۔غزہ کی وزارت صحت نے فضائی حملے میں 13 افراد کی ہلاکت جبکہ 20 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے اور 4 خواتین بھی شامل ہیں۔دریں اثناء اس صہیونی حملے کی وسیع پیمانے پر مذمت کی گئی ہے۔ مصر نے اسے عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دے کر مسترد کردیا۔ فلسطینی اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ ایسی کارروائیوں سے تنازعہ بڑھ جائے گا۔غزہ پر اسرائیلی حملے کی وسیع پیمانے پر مذمت کے دوران ہی صہیونی ریاست نے اپنی جارحیت کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ’’اسلامی جہاد‘‘ کے رہنماؤں سے اپنا حساب برابر کردیا ہے۔ لاپڈ نے ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اسرائیلی ردعمل مناسب وقت اور جگہ پر کیا گیا۔ انٹیلی جنس معلومات اکٹھی کرنے اور غزہ میں جہادی رہنماؤں کی نگرانی کرتے ہوئے ان کے ساتھ حساب کو چکتا کردیا گیا ہے۔
آج منگل کو اخبار “ٹائمز آف اسرائیل” نے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر کے حوالے سے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی افواج کا شروع کیا گیا سیکورٹی آپریشن “ایک اچھا آغاز” ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پٹی میں اپنی پالیسی تبدیل کرنے کا وقت ہے۔ بین گویر نے کہا کہ “میں وزیر اعظم کو غزہ میں آپریشن کی پیشگی مبارکباد دیتا ہوں۔ یہ ایک اچھی شروعات ہے۔”اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ اس نے آج منگل کو علی الصبح غزہ کی پٹی میں فوجی آپریشن “شیلڈ اینڈ ایرو” شروع کیا ہے۔ غزہ کی پٹی کی وزارت صحت کی طرف سے تصدیق کی گئی اسرائیلی حملے میں ’’تحریک اسلامی جہاد‘‘ کے مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس آپریشن میں 3 کمانڈروں، 3 بچوں اور 3 خواتین سمیت 13 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے ہیں۔