400 روپئے میں گیس سلینڈر، پنشن 5 ہزار روپئے ، 5 لاکھ تک انشورنس: کے سی آر

   

( اسمبلی انتخابات کیلئے بی آر ایس کا منشور جاری)
l آروگیہ شری کے تحت 15 لاکھ روپئے کا مفت علاج l مستحق خواتین کو ماہانہ 3 ہزار روپئے امداد l رعیتو بندھو کے تحت فی ایکر 16 ہزار کی مدد
l راشن کارڈ پر باریک چاول کی سربراہیlغریبوں کو اراضی امکنہl اعلیٰ طبقات کیلئے ہر اسمبلی حلقہ میں اقامتی اسکول

حیدرآباد۔/15 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی انتخابات کیلئے رائے دہندوں سے کئی وعدوں پر مبنی انتخابی منشور جاری کردیا۔ تلنگانہ بھون میں کے سی آر نے بی آر ایس کی انتخابی مہم کے آغاز کے طور پر انتخابی منشور جاری کیا جس میں سماج کے تمام طبقات کیلئے رعایتی اور امدادی اعلانات کئے گئے ہیں۔ تلنگانہ کے 1.93 لاکھ سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندانوں کیلئے رعیتو بیمہ کی طرح کے سی آر بیمہ اسکیم کا وعدہ کیا گیا جس کے تحت 5 لاکھ روپئے تک انشورنس فراہم کیا جائے گا۔ اپریل، مئی 2024 سے تمام راشن کارڈ ہولڈرس کیلئے تلنگانہ انا پورنا اسکیم کے تحت باریک چاول سربراہ کیا جائے گا۔ کے سی آر نے آسرا پنشن کو ماہانہ 5 ہزار کرنے اور معذورین کے پنشن کو ماہانہ 6 ہزار کرنے کے علاوہ مستحق غریب خاندانوں کو 400 روپئے میں گیس سلینڈر کی فراہمی کا اعلان کیا۔ مستحق غریب خواتین کو ماہانہ 3 ہزار روپئے مالی امداد دی جائے گی۔ آروگیہ سری اسکیم کی حد کو 15 لاکھ روپئے کرنے کا وعدہ کیا گیا۔ انتخابی منشور میں کہا گیا ہے کہ ریاست کا بجٹ 3 لاکھ کروڑ تک اضافہ ہوچکا ہے اور عوام کی انفرادی آمدنی کی حد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو بھوک مری سے نجات دلانے کیلئے غریب طبقات کو راشن کارڈ پر فائن رائس سربراہ کیا جائے گا۔ رعیتو بیمہ کی طرز پر سفید راشن کارڈ ہولڈرس کو کے سی آر بیمہ کے تحت 5 لاکھ روپئے انشورنس فراہم کیا جائے گا۔ حکومت صد فیصد پریمیم ادا کرے گی۔ آسرا پنشن میں اضافہ کا وعدہ کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ سابق میں پنشن محض 200 روپئے دیا جاتا تھا جس میں بی آر ایس حکومت نے اضافہ کیا ہے۔ پانچ برسوں میں پنشن کو 5 ہزار روپئے ماہانہ کیا جائے گا ۔ برسر اقتدار آنے کے بعد پہلے سال موجودہ پنشن کو 2016 روپئے میں ایک ہزار روپئے کا اضافہ کرتے ہوئے 3016 روپئے کیا جائے گا۔ پانچ برسوں میں اسے 5 ہزار تک کردیا جائے گا۔ معذورین کے وظیفہ کو 4016 روپئے سے بڑھا کر6016 روپئے تک اضافہ ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ رعیتو بندھو اسکیم کے تحت کسانوں کو فی ایکر سالانہ 10 ہزار روپئے ادا کئے جارہے ہیں جسے پانچ برسوں میں ماہانہ 16 ہزار روپئے کیا جائے گا۔ پہلے سال 12 ہزار روپئے ادا کئے جائیں گے اور پانچ برسوں میں 16 ہزار روپئے رعیتو بندھو امداد دی جائے گی۔ کے سی آر نے کہا کہ غریب خواتین کو ماہانہ 3 ہزار روپئے امداد دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے گیس سلینڈر کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے غریب خواتین کو 400 روپئے میں گیس سلینڈر سربراہ کیا جائے گا۔ آروگیہ شری اسکیم کی موجودہ حد 5 لاکھ روپئے ہے جسے برسراقتدار آنے پر 15 لاکھ روپئے کیا جائے گا۔ بی آر ایس برسراقتدار آنے پر غریبوں کو امکنہ اراضی فراہم کرے گی اور ہاوزنگ سے متعلق موجودہ اسکیم جاری رہے گی۔ انہوں نے برسراقتدار آنے پر اعلیٰ طبقات کے بچوں کیلئے ہر اسمبلی حلقہ میں ایک اقامتی اسکول کے قیام کا وعدہ کیا۔ ریاست میں سیلف ہیلپ گروپس کیلئے ذاتی عمارت تعمیر کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے یتیم بچوں کیلئے خصوصی پالیسی تیار کرنے اور اسائینڈ اراضی کے بارے میں رعایتی اسکیم کا وعدہ کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ ان کی حکومت تمام طبقات کی بھلائی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ آروگیہ شری اسکیم کے تحت غریبوں کو مفت علاج فراہم کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے 15 لاکھ روپئے علاج کی حد مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے وقت آروگیہ شری علاج کی حد 2 لاکھ روپئے تھی جسے بی آر ایس حکومت نے 5 لاکھ تک اضافہ کیا اور فی الوقت یہ 10 لاکھ روپئے تک ہے۔ حکومت اس میں اضافہ کرتے ہوئے 15 لاکھ روپئے تک اضافہ کا وعدہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں میڈیکل کالج قائم کرتے ہوئے 10 ہزار ڈاکٹرس تیار کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو بھی پریس اکیڈیمی کے ذریعہ 15 لاکھ روپئے تک مفت علاج کی سہولت کے سی آر آروگیہ رکھشا اسکیم کے تحت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گیس سلینڈر کی قیمتوں میں اضافہ سے غریب و متوسط طبقات کی معاشی حالت کمزور ہوئی ہے لہذا حکومت نے برسر اقتدار آنے پر 400 روپئے میں سلینڈر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ایک کروڑ 10 لاکھ خاندان بستے ہیں جن میں سے 93 لاکھ کو بی پی ایل راشن کارڈ جاری کئے گئے۔ بی آر ایس برسر اقتدار آنے پر ان خاندانوں کو کے سی آر بیمہ اسکیم کے تحت 5 لاکھ روپئے انشورنس فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کیلئے کے سی آر حکومت نے ہمیشہ نئی اسکیمات متعارف کی ہیں۔