ملبرن: ہندوستان کے مشہور ٹینس کھلاری روہن بوپنا نے آسٹریلیائی اوپن کے مینس ڈبلز میں تاریخ رقم کر دی جب میتھیو ایبڈین کے ساتھ مل کر انھوں نے فائنل مقابلہ میں اٹلی کی جوڑی بولیلی اور واوسوری کو شکست دے دی۔ گزشتہ روز بوپنا اور ایبڈین نے اطالوی جوڑی کو سیدھے سٹوں میں شکست دی اور اس کے ساتھ ہی روہن اوپن ایرا میں گرانڈ سلام جیتنے والے سب سے عمردراز کھلاڑی بن گئے۔ ہندوستانی اسٹار اور آسٹریلیائی کھلاڑی ایبڈین کی جوڑی نے پہلی بار آسٹریلیائی اوپن خطاب کو اپنے نام کیا ہے۔ روہن اور ایبڈین نے 7-6 (7-0)، 7-5 سے کامیابی درج کرائی۔ دونوں نے ٹائی بریکر تک چلے پہلے سٹ کو 7-6 (7-0) سے جیتا تھا، اور پھر اس کے بعد دوسرا سٹ 5-7 کے فرق سے جیت لیا۔ 43 سالہ روہن حال ہی میں مینس ڈبلز کی رینکنگ میں پہلے مقام پر پہنچے ہیں۔ انھیں پدم شری ایوارڈ کیلئے بھی منتخب کیا گیا ہے۔ ان دونوں خوشخبریوں کے بعد روہن نے اپنے چاہنے والوں کو آسٹریلین اوپن ٹائٹل کے ذریعہ مزید ایک بڑی خوشخبری دے دی۔ روہن بوپنا کا گرانڈ سلام کے مینس ڈبلز مقابلے میں یہ 61واں میچ تھا۔ وہ 19 الگ الگ ساتھیوں کے ساتھ ڈبلز کھیل چکے ہیں۔ روہن نے امریکہ کے راجیو رام کے ایک دلچسپ ریکارڈ کو بھی توڑ دیا ہے۔ روہن پہلا مینس ڈبلز خطاب جیتنے سے پہلے اس مقابلے میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے۔ راجیو رام کو پہلا مینس ڈبلز گرانڈ سلام جیتنے میں 58 میچ لگ گئے تھے۔ روہن بوپنا نے اپنے 61ویں میچ میں یہ خطاب اور اعزاز اپنے نام کیا۔