47 سال بعد کمَل ہاسن اور رجنی کانت ایک ساتھ

   

ممبئی۔ 21 فروری (یو این آئی) جنوبی ہند کے سپر اسٹارز رجنی کانت اور کمل ہاسن 47 برس بعد ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے ۔ دونوں لیجنڈ اداکار ریڈ جائنٹ موویز کی فلم کے ایچ ایکس آر کے میں کام کرتے دکھائی دیں گے ۔ دونوں اداکاروں نے آخری بار 1970 کی دہائی میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ یہ فلم ریڈ جائنٹ موویز کے بینر تلے تیار کی جا رہی ہے ، جس نے ان دونوں عظیم فنکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا خواب پورا کیا ہے ۔ کمپنی کے ترجمان کے مطابق،کمَل ہاسن اور رجنی کانت کو ایک ساتھ لانا ہمارے لیے خواب کی تعبیر ہے ۔ ہم خود کو اس تاریخی لمحے کا حصہ بن کر باعثِ فخر، شکر گزار اور پرجوش محسوس کر رہے ہیں۔ یہ ہندستانی سنیما کے لیے ایک جذباتی اور یادگار موقع ہے ، اور ہم اس سفر کا آغاز پوری ذمہ داری اور قدردانی کے ساتھ کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد ان کی بے مثال خدمات اور ورثے کو شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کرنا ہے ۔فلم کی ہدایت کاری معروف فلم ساز نیلسن دلیپ کمار کریں گے ، جنہوں نے حال ہی میں بلاک بسٹر فلم جیلر کے ذریعے زبردست کامیابی حاصل کی تھی۔ رجنی کانت اور کمَل ہاسن کی شاندار اداکاری سے مزین یہ فلم تمل، تیلگو اور ہندی زبانوں میں بڑے پیمانے پر ریلیز کی جائے گی۔