نئی دہلی ۔ ایک طرف تو35 سال کی عمر کے بعد کرکٹ کھلاڑیوں کا کیریئر تقریباً ختم سمجھا جاتا ہے اور ان کی عمر پر مسلسل سوالات اٹھتے رہتے ہیں تو دوسری طرف ایک ایسی بولر ہے جس نے 49 سال کی عمر میں نہ صرف ٹیم کی قیادت کی بلکہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔ یہ آف اسپنر جواین ہکس ہے، جو آئل آف مین سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی کرکٹر ہیں۔ آئل آف مین نے مالٹا کے خلاف اتنی شاندار بولنگ کی کہ دنیا دیکھتی رہ گئی۔ مارسا میں منعقدہ میچ میں مالٹا کے خلاف ہکس نے صرف 10 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ہکس نے تین بیٹرس کو اپنا کھاتہ بھی نہیں کھولنے دیا اور یہی نہیں ان کی گیند پر ایک بھی باؤنڈری نہیں لگی۔ ہکس نے نہ صرف بولنگ کے ذریعے اپنی طاقت دکھائی، اس کے علاوہ انہوں نے دو بیٹرس کو رن آؤٹ بھی کیا۔ مالٹا میں ہکس نے7 وکٹیں لے کر اہم کردار ادا کیا۔ اس میچ میں مالٹا کی ٹیم صرف 50 رنز پر ڈھیر ہو گئی جس کے جواب میں آئل آف مین کی ٹیم نے ہدف صرف 4.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔ آئل آف مین کی ٹیم 9 وکٹوں سے جیت گئی۔ آف اسپنر ہکس نے 49 سال کی عمر میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پانچ وکٹیں لے کر ایک بڑا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ وہ ٹی20 انٹرنیشنل میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والی سب سے معمرکرکٹر بن گئی ہیں۔ یہ کارنامہ مردوں اور خواتین کی کرکٹ میں پہلی بار دیکھا گیا ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹرین بولر ملیکا کے نام تھا جنہوں نے 41 سال کی عمر میں اسپین کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔ ہکس کی انٹرنیشنل کرکٹ کی بات کریں تو یہ کھلاڑی اب تک 16 میچوں میں 18 وکٹیں لے چکی ہیں، اس کا اکانومی ریٹ صرف 3.96 رنز فی اوور ہے۔