سیاسی حلقوں میں ہلچل، کانگریس میں شمولیت کی قیاس آرائیاں
حیدرآباد/23 جنوری، ( سیاست نیوز) بھارت راشٹر سمیت (بی آر ایس )کے 4 ارکان اسمبلی نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر کی قیامگاہ پر اس ملاقات کی تصاویر چیف منسٹر آفس سے جاری کرکے کہا گیا کہ ارکان اسمبلی سنیتا لکشما ریڈی ( نرسا پور)، کے پربھاکر ریڈی ( دوباک )، جی مہیپال ریڈی ( پٹن چیرو) اور مانک راؤ ( ظہیرآباد ) نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے خیرسگالی ملاقات کی۔ بی آر ایس ارکان اسمبلی کی ملاقات کے بعد سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں اور ملاقات کرنے والے ارکان اسمبلی نے اس پر میڈیا سے کوئی وضاحت نہیں کی۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے لندن میں استقبالیہ تقریب سے خطاب میں بی آر ایس کو 100 میٹر گہرے گڑھے میں دفن کرنے کی بات کہی تھی۔ اس بیان کے پس منظر میں بی آر ایس ارکان اسمبلی کی یہ ملاقات غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔ چیف منسٹر سے ملاقات کرنے والے ارکان اسمبلی، سابق وزیر فینانس ہریش راؤ کے قریبی رفقاء میں شمار کئے جاتے ہیں۔ بی آر ایس حلقوں کا ماننا ہے کہ یہ ملاقات خالص خیرسگالی ہے تاکہ اپنے انتخابی حلقوں کیلئے فنڈز حاصل کئے جاسکیں۔ دوسری طرف کانگریس ذرائع نے دعویٰ کیا کہ بی آر ایس کے کئی ارکان اسمبلی کانگریس سے ربط میں ہیں۔1