آسام، کیرالا ،پڈوچیری اور ٹاملناڈو میں ایک ہی مرحلہ، بنگال میںدو مراحل میں ووٹنگ، 4 مئی کو نتائج
نئی دہلی ۔15؍مارچ ( ایجنسیز ) الیکشن کمیشن نے آسام، مغربی بنگال، کیرالا، ٹاملناڈو اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ پڈوچیری میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ کمیشن کے مطابق آسام، کیرالا اور پڈوچیری میں ایک ہی مرحلے میں 9 اپریل کو ووٹنگ ہوگی جبکہ مغربی بنگال میں دو مرحلوں میں 23 اور 29 اپریل کو پولنگ کرائی جائے گی۔ ٹاملناڈو میں بھی ایک مرحلے میں 23 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ کے انتخابی نتائج 4 مئی کو جاری کیے جائیں گے۔ انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی ان تمام ریاستوں اور خطہ میں فوری طور پر ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے اتوار کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ کمیشن کی ٹیم نے حالیہ دنوں میں تمام انتخابی ریاستوں کا دورہ کر کے تیاریوں کا جائزہ لیا اور سیاسی جماعتوں، انتظامی افسران اور ووٹروں سے تفصیلی بات چیت کی۔انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کر کے ان کی تجاویز حاصل کیں۔ اس کے علاوہ نفاذی ایجنسیوں کے افسران، ضلع الیکشن افسران، پولیس افسران، ریاستی الیکشن افسران اور پولیس کے سربراہان کے ساتھ بھی تفصیلی گفتگو کی گئی تاکہ انتخابات کے انعقاد کو شفاف اور منظم بنایا جا سکے۔ چیف الیکشن کمشنر کے مطابق کمیشن نے نوجوانوں اور پہلی بار ووٹ ڈالنے والے شہریوں سے بھی بات چیت کی اور انہیں جمہوری عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی۔گیانیش کمار نے کہا کہ یہ تمام ریاستیں جغرافیائی اور ثقافتی اعتبار سے ایک دوسرے سے مختلف ہیںاس لیے شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی گہرے نظرثانی عمل کے ذریعے ووٹر فہرستوں کو بہتر بنایا گیا ہے تاکہ کوئی اہل ووٹر اپنے حق رائے دہی سے محروم نہ رہے اور کوئی نااہل شخص فہرست میں شامل نہ ہو۔الیکشن کمیشن کے مطابق ان انتخابات میں تقریباً 17.4 کروڑ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ کمیشن نے کہا کہ یہ تعداد آسٹریلیا، فرانس، جنوبی افریقہ، جرمنی اور کینیڈا جیسے کئی ممالک کی مجموعی آبادی کے برابر ہے۔ کمیشن نے بتایا کہ پانچ ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام خطے میں مجموعی طور پر 824 اسمبلی نشستوں کیلئے ووٹنگ ہوگی۔ اس مقصد کیلئے 2.19 لاکھ پولنگ مراکز قائم کیے جائیں گے جبکہ انتخابی عمل کو منظم طریقے سے مکمل کرانے کے لیے تقریباً 25 لاکھ انتخابی اہلکار اور ملازمین تعینات کیے جائیں گے۔مغربی بنگال میں تقریباً 6.44 کروڑ ووٹر ہیں جبکہ آسام میں لگ بھگ 2.5 کروڑ ووٹر ووٹ ڈالیں گے۔بعض مقامات پر پنک پولنگ مراکز قائم کیے جائیں گے جہاں مکمل انتظام خواتین اہلکاروں کے ذریعے چلایا جائے گا۔ کمیشن نے یہ بھی واضح کیا کہ پولنگ مراکز کے اندر موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ووٹروں کو اپنے فون باہر رکھنا ہوں گے۔