5 تا 7 مرتبہ اسمبلی کے لیے منتخب قائدین کابینہ کے لیے اولین ترجیح

   

اتم کمار ریڈی، ناگیشور راؤ، کونڈہ سریکھا ، وینکٹ ریڈی اور سریدھر بابو سینئرارکان
حیدرآباد۔/6 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کی ریونت ریڈی کی زیر قیادت پہلی کابینہ میں شمولیت کیلئے سینئر ارکان اسمبلی نے اپنی دعویداری پیش کردی ہے۔ پارٹی ہائی کمان نے کابینہ میں شمولیت کیلئے جو معیار مقرر کیا ہے اس کے تحت جو ارکان اسمبلی زیادہ مرتبہ منتخب ہوئے ہیں انہیں ترجیح دی جائے گی۔ کانگریس کے 64 ارکان اسمبلی میں کئی ارکان ایسے ہیں جو تین تا چھ میعادوں سے اسمبلی کیلئے منتخب ہورہے ہیں ۔ حضور نگر کے نو منتخب رکن اسمبلی این اتم کمار ریڈی جو پردیش کانگریس کمیٹی کے دو مرتبہ صدر رہ چکے ہیں انہوں نے چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے اپنی دعویداری پیش کی تھی لیکن ہائی کمان نے انہیں اہم قلمدان کا تیقن دیتے ہوئے دعویداری سے دستبردار کرایا۔ اتم کمار ریڈی 7 مرتبہ اسمبلی کیلئے منتخب ہوچکے ہیں۔ ان کے علاوہ ٹی ناگیشور راؤ اور کونڈہ سریکھا 6 مرتبہ منتخب ہوئے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، ڈی سریدھر بابو اور جوپلی کرشنا راؤ 5 مرتبہ اسمبلی کیلئے منتخب ہونے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ دامودھر راج نرسمہا، آر پرکاش ریڈی اور ملوبھٹی وکرامارکا 4 مرتبہ اسمبلی کیلئے کامیاب ہوچکے ہیں۔ سابق ماویسٹ لیڈر سیتکا 3 مرتبہ منتخب ہوچکی ہیں۔ ہائی کمان اگر اسمبلی کی سینیاریٹی کی بنیاد پر وزراء کا انتخاب کرتا ہے تو مذکورہ قائدین اولین ترجیح رہیں گے اور وہ کابینہ میں شمولیت کے حقدار ہوں گے۔