50 رہائشی ٹاورس کی تباہی صرف آغاز ہے : نیتن یاہو

   

تل ابیب ۔ 9 ستمبر (ایجنسیز) اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے گذشتہ دو دن کے دوران غزہ میں 50 رہائشی ٹاور تباہ کر دیے ہیں۔ ان کے بہ قول یہ صرف ایک “ابتدائی اقدام” ہے جس کے بعد غزہ شہر میں بڑی زمینی کارروائی کی تیاری کی جا رہی ہے۔فضائیہ کے ہیڈکوارٹر سے خطاب میں نیتن یاھو نے کہا کہ “چند روز پہلے میں نے وعدہ کیا تھا کہ دہشت گردی ختم کر دیں گے۔ پچھلے دو دن میں 50 ٹاور گرائے جا چکے ہیں اور یہ سب کچھ ہماری بڑی کارروائی، زمینی حملے کی تمہید ہے جو اس وقت غزہ شہر کے اندر ہماری فورسز ترتیب دے رہی ہیں”۔انہوں نے غزہ کے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “آپ کو خبردار کیا جا چکا ہے، فوری طور پر نکل جائیں”۔اس سے قبل اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے بھی دھمکی آمیز بیان دیتے ہوئے کہا کہ تھا “آج غزہ کی فضا پر ایک زبردست طوفان چھا جائے گا اور دہشت گرد ٹاورز لرز اٹھیں گے”۔کاٹز نے مزید کہا کہ “یہ حماس کے رہنماؤں اور جنگجوؤں کے لیے آخری وارننگ ہے، چاہے وہ غزہ میں ہوں یا باہر فائیو اسٹار ہوٹلوں میں۔ قیدیوں کو رہا کریں اور ہتھیار ڈال دیں ورنہ غزہ اور آپ سب تباہ ہو جائیں گے”۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ فوج اپنی منصوبہ بندی کے مطابق کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور غزہ پر مکمل کنٹرول کے لیے آپریشن کو وسعت دے رہی ہے۔