لندن : ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کولوریکٹل کینسر کے مجموعی کیسز کم ہو رہے ہیں، لیکن 50 سال سے کم عمر کے نوجوانوں میں بڑی آنت کے سرطان کی شرح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اچھی خبر یہ ہے کہ نوجوانوں میں اس کے خطرات کم ہی ہیں۔ یورپی یونین اور برطانیہ کے اعداد و شمار پر مبنی ایک نئے مطالعہ سے انکشاف ہوا ہے کہ کولوریکٹل کینسر یا بڑی آنت کے سرطان سے اموات میں مجموعی طور پر کمی واقع ہوئی ہے۔ سرطان سے متعلق ایک معروف طبی جریدے اینلز آف آنکولوجی میں شائع ہونے والی یہ تحقیق ان طویل مدتی رجحانات کو تقویت دیتی ہے کہ تیس سال پہلے کے مقابلے میں کینسر کا عارضہ کم انسانوں کی جان لے رہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق یورپی یونین میں 1988 ء سے اب تک مجموعی طور پر تمام کینسر کی تمام اقسام سے 6.2 ملین اموات جبکہ برطانیہ میں 1.3 ملین اموات سے بچا جا سکا ہے۔
