50 انتخابی امیدواروں پر فیصلہ لینے ابھی وقت ہے : اسد اویسی

,

   

سکریٹریٹ کو دیکھنے تاج محل سے زیادہ سیاح آئیں گے، افتتاح میں مجلس شرکت کرے گی
حیدرآباد 10 فروری (سیاست نیوز) صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسدالدین اویسی نے کہاکہ ریاست میں 50 اسمبلی حلقوں پر مقابلہ کرنے کا فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ انتخابات کیلئے ابھی وقت ہے، مناسب وقت پر صحیح فیصلہ کیا جائیگا۔ نیا سکریٹریٹ تاج محل سے زیادہ خوبصورت تعمیر کیا گیا ہے۔ اسمبلی میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی ہے۔ واضح رہے کہ اسمبلی میں مجلسی قائد مقننہ اکبر اویسی نے کہا تھا کہ آئندہ انتخابات میں مجلس 50 اسمبلی حلقوں پر مقابلہ کریگی اور 15 پر کامیابی حاصل کرے گی۔ اکبرالدین اویسی کے اس بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوگئی تھی۔ دوسرے دن کانگریس کے ارکان اسمبلی نے بھی اس مسئلہ پر مجلس کے قائد مقننہ سے تبادلہ خیال کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ اکبرالدین اویسی نے انھیں اپنے فیصلے پر اٹل رہنے سے واقف کرایا تھا۔ صدر مجلس اسد اویسی کے اسمبلی پہونچنے پر میڈیا نمائندوں نے ان سے 50 اسمبلی حلقوں پر مقابلہ کے بارے میں دریافت کیا تو انھوں نے کہاکہ انتخابات کیلئے ابھی وقت ہے، مجلس نے اس طرح کا فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ انتخابات سے عین قبل مناسب وقت پر صحیح فیصلہ کیا جائے گا۔ انھوں نے نئے سکریٹریٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر نے تاج محل سے زیادہ خوبصورت سکریٹریٹ تعمیر کیا ہے ۔ اس طرح کی خوبصورت عمارت ملک میں کہیں نہیں ہے۔ سڑک پر سے گزرتے ہوئے سکریٹریٹ کو دیکھنے پر فخر محسوس ہورہا ہے۔ اس عمارت کو دیکھنے تاج محل سے زیادہ سیاح آئیں گے۔ اسد اویسی نے نئے سکریٹریٹ میں مساجد کے علاوہ دوسرے مذاہب کی عبادت گاہوں کی تعمیر کا خیرمقدم کیا ہے۔ انھوں نے نئے سکریٹریٹ میں مذہبی ہم آہنگی کا نمونہ پیش کرنے پر چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا۔ مجلس کے صدر نے چیف منسٹر کے سی آر کے قومی سیاست میں سرگرم رول ادا کرنے کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہاکہ تلنگانہ ملک میں رول ماڈل بن گیا ہے۔ تلنگانہ جیسی فلاحی اسکیمات کو ملک بھر میں متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ اس لئے وہ بی آر ایس کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کررہے ہیں۔ کانگریس کی جانب سے مجلس کو بی جے پی کی بی ٹیم ہونے کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔ اسد اویسی نے کہاکہ نئے سکریٹریٹ کا افتتاح سرکاری پروگرام ہے جس میں مجلس ضرور شرکت کریگی۔ پریڈ گراؤنڈ پر ہونے والا جلسہ عام بی آر ایس کا سیاسی پروگرام ہے جس سے ہمارا تعلق نہیں ہے۔ دوسری جماعتوں کو اس جلسہ میں مدعو کرنے کے سوال کے جواب میں اسدالدین اویسی نے کہاکہ یہ بی آر ایس کی مرضی پر منحصر ہے۔ ن