راجستھان بجٹ میں گہلوت حکومت کے اہم اعلانات ۔خواتین اور نوجوانوں سے کئی وعدے
جے پور: راجستھان کے چیف منسٹر اشوک گہلوت نے ریاست کے اگلے مالی سال کے لئے بجٹ پیش کر دیا۔ اس بجٹ میں وزیر اعلیٰ گہلوت نے خواتین، نوجوانوں اور کسانوں کیلئے کئی اہم وعدے کیے ہیں۔ گہلوت نے اعلان کیا کہ راجستھان میں نوجوانوں کیلئے بھرتی کے تمام امتحانات کیلئے کوئی فیس نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ پیپر لیک جیسے واقعات کیلئے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے گی۔ بھرتی کے تمام امتحانات کیلئے صرف ایک بار فیس ادا کرنی ہوگی۔ گورنمنٹ کالج کیمپس میں 100 روزگار میلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔وزیر اعلی اشوک گہلوت نے بجٹ میں گھریلو صارفین کو 100 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس اسکیم کا نفاذ اگلے سال سے ہو جائے گا۔ اس سے ریاست کے ایک کروڑ 19 لاکھ میں سے ایک کروڑ 4 لاکھ خاندان گھریلو بجلی مفت حاصل کر سکیں گے۔وزیر اعلیٰ گہلوت نے کہا کہ میں جے پور میں اے پی جے عبدالکلام انسٹی ٹیوٹ آف بائیو ٹیکنالوجی کا قیام کیا جائے گا۔ اس پر 300 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔وزیر اعلیٰ گہلوت نے اعلان کیا کہ طلبا راجستھان میں 75 کلومیٹر تک سرکاری بسوں میں مفت سفر کر سکیں گے۔ اسکل ڈیولپمنٹ پر 100 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ شہری اور دیہی علاقوں میں ایک ایک ہزار اسکول اور 2000 مہاتما گاندھی اسکول کھولے جائیں گے۔راجستھان میں لڑکیوں کے ساتھ لڑکوں کو بھی حق تعلیم کے تحت پہلی سے 12ویں تک مفت تعلیم دی جائے گی۔ راجستھان میں چرنجیوی یوجنا کے تحت علاج کیلئے بیمہ کی رقم 10 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ کر دی گئی ہے۔سی ایم گہلوت نے بجٹ میں اعلان کیا ہے کہ راجستھان کے 76 لاکھ خاندانوں کو 500 روپے میں ایل پی جی سلنڈر فراہم کیا جائے گا۔راجستھان روڈ ویز میں خواتین کو کرایہ میں 50 فیصد رعایت ملے گی، پہلے یہ رعایت 30 فیصد ہوتی تھی۔