لوک سبھا الیکشن کے ضابطہ اخلاق سے قبل اعلان متوقع‘خواتین اورمتوسط طبقات کی تائید کا حصول
حیدرآباد۔/23 جنوری، ( سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات سے قبل کانگریس حکومت عوامی تائید حاصل کرنے کیلئے 6 ضمانتوں میں شامل 2 اہم وعدوں کی تکمیل کی تیاری کررہی ہے جن میں500 روپئے میں پکوان گیاس سلینڈرکی سربراہی اور مستحق خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے کی امداد شامل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بیرونی دورہ سے واپسی کے بعد عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ مہا لکشمی اسکیم کے تحت شامل دو وعدوں کی تکمیل کی تیاری کی جائے۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل دونوں ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز ہوجائے تاکہ عوام سے رجوع ہونے میں سہولت ہو۔ چیف منسٹر نے دونوں ضمانتوں پر عمل آوری کی صورت میں سرکاری خزانہ پر امکانی بوجھ کے بارے میں محکمہ فینانس کے عہدیداروں سے مشاورت کی ہے۔ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں زائد لوک سبھا نشستوں پر کامیابی کا نشانہ رکھتی ہے اور 6 ضمانتوں میں کم از کم 4 پر عمل آوری کے ذریعہ عوام سے ووٹ کی اپیل کی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی ہائی کمان نے بھی ریونت ریڈی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ کرناٹک کی طرح ضمانتوں پر عمل آوری میں تیزی پیدا کی جائے۔ 500 روپئے میں پکوان گیس سلینڈر کی سربراہی اور مستحق خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے کی امداد کے ذریعہ غریب اور متوسط طبقات کی تائید باآسانی حاصل کی جاسکتی ہے۔ اسمبلی چناؤ کی طرح خواتین کی تائید کو برقرار رکھنے کیلئے آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت اور پکوان گیس سلینڈر کے علاوہ 2500 روپئے کی امدادی اسکیم کی بڑے پیمانے پر الیکشن میں تشہیر کی جائے گی۔ توقع ہے کہ 26 جنوری یوم جمہوریہ کے موقع پر دو نئے وعدوں کی تکمیل کا اعلان کیا جائے گا۔ آسرا پنشن کے تحت 4 ہزار روپئے کی فراہمی کے وعدہ پر عمل آوری کی صورت میں سرکاری خزانہ پر اضافی بوجھ پڑسکتا ہے لہذا چیف منسٹر موجودہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ضمانتوں پر عمل آوری کا فیصلہ کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ حال ہی میں پرجا پالنا پروگرام کے تحت 91.49 لاکھ خواتین نے 500 روپئے میں پکوان گیس سلینڈر اور 92.23 لاکھ خواتین نے ماہانہ 2500 روپئے امداد کیلئے درخواستیں داخل کی ہیں۔ جملہ موصولہ درخواستوں میں سب سے زیادہ درخواستیں مذکورہ دونوں وعدوں سے متعلق ہیں۔ حکومت چاہتی ہے کہ لوک سبھا الیکشن کے انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے قبل عمل آوری کا آغاز ہوجائے۔1