وقف جائیدادوں کو آزاد کرانے پر زور ۔ عدالت سے رجوع ہونے کا اشارہ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے ہندوستانی کرنسی 500 روپئے کے نوٹوں پر بھگوان رام کی تصویر شائع کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 22 جنوری کو ایودھیا میں رام کے مجسمہ کے تنصیب کے پیش نظر ہندوؤں کی عقیدت اور جذبہ کا احترام کرکے نوٹوں پر بھگوان رام کی تصویر شائع کرنے مرکزی حکومت اور آر بی آئی پہل کرے ۔ ۔ گوشہ محل کی نمائندگی کرنے والے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے امریکہ ، تھائی لینڈ ، انڈونیشیا و دیگر ممالک کا حوالہ دیا کہ ان میں ہندو دیوتاوں کی تصاویر کرنسی پر شائع ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انڈو نیشیا میں 80 فیصد مسلمان ہیں وہاں کی نوٹوں پر دیوتاؤں کی تصاویر شائع ہیں ۔ ہندوستان میں بھی 500 روپئے کی نوٹوں پر رام کی تصویر شائع کرنے کی ضرورت ہے ۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ یہ ایک ان کا نہیں ملک کے 100 کروڑ ہندوؤں کا اصرار ہے ۔ مہاراشٹرا کے شمبھاجی پور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں راجہ سنگھ نے وقف بورڈ کے کنٹرول والی اراضیات کو آزاد کرانے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تقسیم کے موقع پر یہاں کے عوام کا قتل کرنے والے کی جائیدادوں کا تحفظ کرنے ملک کے پہلے وزیراعظم نہرو نے وقف قانون بنایا تھا ۔ مہاراشٹرا میں 10 لاکھ ایکر اراضی وقف بورڈ کے کنٹرول میں ہے جب کہ 2009 تک صرف 4 لاکھ ایکر اراضی ہی تھی ۔ یہ آہستہ آہستہ بڑھ کر 10 لاکھ ایکر تک پہونچ گئی ہے ۔ ان وقف اراضیات کو مہاراشٹرا حکومت فوری آزاد کرے ۔ بصورت دیگر عدلیہ کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا ۔۔ 2