مرکز نے الرٹ جاری کیا ، عوام کو چوکسی کا مشورہ، نگرانی سخت کرنے تحقیقاتی ایجنسیوں کو ہدایت
حیدرآباد۔ 22 اپریل (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے ملک میں جعلی نوٹوں کی گشت کے خلاف وارننگ جاری کی ہے۔ تحقیقاتی ایجنسیوں کو جعلی نوٹوں کی گردش کے بارے میں الرٹ کردیا گیا ہے۔ 500 روپئے کے نقلی نوٹ بازار میں گردش کررہے ہیں جو ہوبہو اصلی نوٹ کی طرح نظر آتے ہیں۔ مرکز نے کہا کہ ان کی شناخت کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ مرکزی حکومت نے نقلی نوٹوں کی گردش کے خلاف مرکزی ایجنسیاں سی بی آئی، این آئی اے، ڈائریکٹوریٹ آف ریوینیو اِنٹلیجنس اور مالیاتی انٹلیجنس یونٹ کو نگرانی سخت کرنے کے احکام جاری کئے ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ نقلی نوٹ بالکل اصلی جیسے نظر آتے ہیں۔ اس بات کا پتہ چلا ہے کہ جعلی نوٹوں میں ریزرو بینک آف انڈیا کے لفظ میں E کے بجائے A ہے۔ اس تناظر میں مرکز اور تفتیشی ایجنسیوں نے عوام کو نقلی نوٹوں کی شناخت کیلئے کئی ہدایتیں دی ہیں جن میں پانچ اہم طریقے تجویز کئے ہیں۔ اصل نوٹ میں درج ذیل خصوصیات ہیں، اگر وہ موجود نہیں ہیں تو وہ جعلی نوٹ ہے۔ لفظ ریزرو بینک آف انڈیا کے حروف کو واضح طور پر جانچنا چاہئے۔ اصل بینک نوٹوں میں ایک حفاظتی دھاگہ ہوتا ہے۔ اگر آپ نوٹ کو تھوڑا سا موڑتے ہیں تو یہ دھاکہ ہرے رنگ سے نیلے رنگ میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ مزید یہ کہ اس پر ’’انڈیا‘‘ آر بی آئی کے الفاظ ہوں گے۔ اگر آپ نوٹ کو روشنی میں دیکھیں گے تو آپ کو ’’مہاتما گاندھی‘‘ واٹر مارک نظر آئے گا۔ نمبر 500 ایک الیکٹرو ٹائپ واٹر مارک کی شکل میں ظاہر ہوتا ہے۔ اصل 500 روپئے کے نوٹوں میں اہم خصوصیات ہیں جیسے مہاتما گاندھی، اشوکا کا ستون اور انٹیگلیو پرنٹنگ میں شناختی نشان (اُبھرے ہوئے) ہوتے ہیں۔ آپ کی آر بی آئی کی موبائل ایپ MANI پر چیک کرسکتے ہیں یا اگر آپ اسے UV لائٹ کے نیچے چیک کرتے ہیں تو سکیورٹی تھریڈ اور سیرئیل نمبر جیسی چیزیں چمک اُٹھیں گی۔2