500 روپے گیس سلینڈر اسکیم سے متعلق ہدایات عدم وصول

   

کے وائی سی کی ضرورت نہیں، صدر تلنگانہ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرس اسوسی ایشن کی وضاحت
ظہیرآباد۔ 15 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر تلنگانہ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز اسوسی ایشن جگن موہن ریڈی کلوری کی جانب سے دی گئی ہدایت کی متابعت میں سپتہ گری انڈین گیس ڈسٹری بیوشن ایجنسی ظہیرآباد نے حلقہ اسمبلی ظہیرآبادکے صارفین سے اپیل کی ہے کہ انہیں eKYC کے لئے ایل پی جی ایجنسی کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ریاستی حکومت کی 500 روپے فی گیس سلینڈر والی اسکیم کی سربراہی سے متعلق ریاستی حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی ہدایت وصول نہیں ہوئی ہے اور یہ کہ eKYC حاصل کرنے کے لئے LPG اسکیم 31 ڈسمبر تک ہی مکمل ہونے کی افواہ بھی غلط ہے۔ ڈسٹری بیوشن ایجنسی نے مزید کہا کہ غلط افواہ کے باعث LPG صارفین کی ایک بڑی تعداد LPG ڈسٹری بیوٹرایجنسی پر آ رہی ہے اور eKYCمکمل کرنے کے لئے گھنٹوں انتظار کر رہی ہے۔ ڈسٹری بیوشن ایجنسی نے واضح طور پر کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے 500 روپے فی گیس سلینڈر اسکیم سے متعلق کوئی ہدایت ہنوز موصول نہیں ہوئی ہے البتہ مرکزی حکومت کی جانب سے انہیں صارفین کی دہلیز تک پہنچ کر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذریعہ جلد از جلد eKYC مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈسٹری بیوشن ایجنسی نے اپنے صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ افواہ پر کان نہ دھریں اور ڈسٹری بیوٹر ایجنسی پر جمع ہوکر امن و امان کی صورتحال پیدا نہ کریں۔ اس کے برخلاف جب بھی ایل پی جی ڈیلیوری بوائے سلینڈر کی ڈیلیوری کے لئے گھر آئے تو اپنا eKYC مکمل کرلیں۔ ایجنسی نے واضح طور پر کہا کہ صارفین کو کسی قسم کی دشواری یا تکنیکی مسئلہ ہے تو متعلقہ ڈسٹری بیوٹرسے رجوع ہوسکتے ہیں ۔