500 روپئے میں گیس سلینڈر یا خواتین ریزرویشن بل : کیا کام کریگا

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 23 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں خواتین کا کلیدی رول ہوگا کیونکہ نصف سے زیادہ اسمبلی حلقوں میں خاتون ووٹرس 50 فیصد سے زیادہ ہیں۔ ضلع اور حلقہ اسمبلی واری ووٹرس ڈیٹا کے مطابق 18 ستمبر 2023ء کو 66 اسمبلی حلقوں میں خاتون رائے دہندے 50 فیصد سے زیادہ ہیں۔ 33 کے منجملہ 20 اضلاع میں خاتون ووٹرس 50 فیصد سے زیادہ ہیں جس میں نظام آباد ڈسٹرکٹ میں سب سے زیادہ 52.1 فیصد خاتون ووٹرس ہیں اس کے بعد جگتیال، نرمل، کاماریڈی، کھمم، میدک، راجنا، سرسلہ اور بھدرادری ہیں، جہاں خاتون ووٹرس 51 فیصد سے زیادہ ہیں۔ پورے تلنگانہ میں خاتون ووٹرس 49.84 فیصد ہیں۔ بالکنڈہ میں خاتون ووٹرس کا فیصد سب سے زیادہ 53.7 فیصد ہے اس کے بعد نظام آباد رورل میں 53.2 فیصد اور آرمور میں 53.1 فیصد۔ سیری لنگم پلی میں خاتون ووٹرس کا فیصد سب سے کم 46.8 فیصد ہے۔ اس کے بعد جوبلی ہلز میں 46.9 فیصد ہے۔ تلنگانہ میں 2018ء کے انتخابات میں 1.02 کروڑ خواتین نے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے بڑا رول ادا کیا تھا، جس میں مرد ووٹرس سے تقریباً 4700 خواتین نے ووٹ ڈالا تھا۔ 2018ء میں خواتین سے 2.5 لاکھ زیادہ مرد ووٹرس کے اندراجات ہوئے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ 2018ء میں تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے دوران منچریال، نرمل، نظام آباد، کاماریڈی، جگتیال، کریم نگر، راجنا، سرسلہ، سدی پیٹ، رنگاریڈی، میڑچل، ملکاجگری، محبوب نگر، ونپرتی، جئے شنکر، بھوپال پلی اور کھمم میں زیادہ خاتون ووٹرس نے رائے دہی میں حصہ لیا تھا۔ جی ایچ ایم سی علاقہ میں کوکٹ پلی، نامپلی، سیری لنگم پلی، اپل، پٹن چیرو، میڑچل، قطب اللہ پور، صنعت نگر اور ایل بی نگر میں مردوں سے زیادہ خواتین نے ووٹ دیا تھا۔ ریاست میں خواتین کی تعداد کو پیش نظر رکھتے ہوئے کانگریس نے خواتین کیلئے مہالکشمی اسکیم کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعہ خواتین کو ماہانہ 2,500 روپئے کی مدد فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ 500 روپئے میں گیس سیلنڈر اور خواتین کو ریاست میں آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ دوسری طرف بی آر ایس خواتین کے نام پر اسکیمات دے رہے ہیں جیسے ڈبل بیڈروم مکانات، بی آر ایس حکومت کے سی آر کٹ اسکیم، نیوٹریشن کٹ اور اماودی اسکیم اور دیگر اسکیمات کو نمایاں کررہی ہے۔ بی آر ایس نے 115 حلقوں میں صرف سات خواتین کو نامزد کیا ہے جبکہ بی جے پی ریاست تلنگانہ میں اپنا موقف بہتر بنانے کیلئے خواتین کے ریزرویشن بل کا استعمال کرنے کوشاں ہے۔اب دیکھنا یہ ہیکہ 500 روپئے میں گیس سیلنڈر یا خواتین ریزرویشن بل ۔ کیا کام کرے گا۔