تھریسور : کیرالا کے تھریسور ضلع میں ایک حیرت انگیز معاملہ پیش آیا، جہاں ایک مرد کو 59 خواتین نے مل کر بری طرح پیٹا ہے۔ خواتین کے گروپ نے جس شخص کی پٹائی کی ہے، اس پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے ایک لڑکی کی تصویر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی اور پھر اسے سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا تھا۔ اس مبینہ عمل سے خواتین اتنی ناراض ہوئیں کہ شخص پر قاتلانہ انداز میں حملہ کر دیا۔ واقعہ جمعرات کی شام کا بتایا جا رہا ہے اور یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ جب ملزم کی پٹائی ہوئی تو وہ ایک کار میں سوار ہو کر 5 دیگر لوگوں کے ساتھ کہیں جا رہا تھا۔جن 59 خواتین نے مل کر شخص کی پٹائی کی ہے، وہ ’ریٹریٹ سنٹر‘ نامی روحانی ادارہ کی اراکین ہیں۔ان کے ذریعہ شخص کو پیٹے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ خواتین نے لاٹھی سے بھی حملہ کیا، اور کچھ نے اسے گھسیٹتے ہوئے پٹائی کی۔