6 ضمانتوں کی فائل پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کی پہلی دستخط

   

گاندھی خاندان کی موجودگی میں وعدہ کی تکمیل
حیدرآباد ۔7۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف لیتے ہی ریونت ریڈی نے اعلان کے مطابق کانگریس کی 6 ضمانتوں پر عمل آوری کیلئے پہلی فائل پر دستخط کئے۔ انتخابی مہم کے دوران ریونت ریڈی نے اعلان کیا تھا کہ سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام کیلئے جن 6 ضمانتوں کا اعلان کیا ہے ، ان پر عمل سے متعلق پہلی فائل پر چیف منسٹر بنتے ہی دستخط کریں گے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے چیف منسٹر کو 6 ضمانتوں کی فائل پیش کی۔ تالیوں کی گونج میں ریونت ریڈی نے فائل پر دستخط کئے۔ کانگریس ہائی کمان نے ریونت ریڈی کو ہدایت دی تھی کہ حکومت کی تشکیل کے بعد کابینہ کے پہلے اجلاس میں 6 ضمانتوں کو قانون کی شکل دی جائے۔ سونیا گاندھی ، راہول ، پرینکا گاندھی اور ملکارجن کھرگے کی موجودگی میں ریونت ریڈی نے فائل پر دستخط کئے۔ واضح رہے کہ کانگریس نے 6 ضمانتوں کے تحت خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے امداد ، 500 روپئے میں گیاس سلینڈر ، خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت ، ضعیفوں اور دیگر مستحق افراد کیلئے 4000 روپئے ماہانہ پنشن ، غریبوں کو ماہانہ 200 یونٹ مفت برقی سربراہی ، اندراماں انڈلو کے تحت مکانات کی تعمیر کیلئے پانچ لاکھ روپئے کی امداد ، شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کو 250 مربع گز زمین کا الاٹمنٹ ، کسانوں کو فی ایکر 15000 روپئے جبکہ زرعی مزدوروں کو سالانہ 12000 روپئے امداد، دھان کی فصل پر ایم ایس پی کے علاوہ 500 روپئے بونس ، راجیو آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج اور طلباء کو پانچ لاکھ روپئے کی تعلیمی امداد جیسے وعدے شامل ہیں۔