6 تا 8 جنوری پرگی میں تبلیغی جماعت کا سہ روزہ اجتماع

   

حکومت نے انتظامات کیلئے 2کروڑ 45 لاکھ کی منظوری دی
حیدرآباد۔/13ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے آئندہ ماہ وقارآباد کے پرگی منڈل کے موضع نعمت نگر میں تبلیغی جماعت کے6 تا 8 جنوری تین روزہ اجتماع کے انتظامات کیلئے 2 کروڑ 45 لاکھ 93 ہزار 847 روپئے کی منظوری دی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج جی او آر ٹی 123 جاری کرتے ہوئے مختلف محکمہ جات کو فنڈز مختص کیا ہے۔ کلکٹر وقارآباد نے اجتماع گاہ میں مختلف سہولتوں کی فراہمی کیلئے 2 کروڑ 45 لاکھ 93 ہزار 847 روپئے کی منظوری کی تجویز پیش کی۔ حکومت نے مختلف محکمہ جات کیلئے یہ رقم مختص کی ہے۔ مشن بھگیرتا کی جانب سے پانی کی سربراہی اور سمپ کی تعمیر کیلئے 85 لاکھ منظور کئے گئے۔ تالابوں سے اجتماع گاہ تک پائپ لائن بچھانے کیلئے 68 لاکھ منظور کئے گئے۔ پنچایت راج انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ سڑکوں اور پارکنگ ایریا کا انتظام کرے گا جس کیلئے 40 لاکھ مختص کئے گئے۔ برقی سربراہی اور بلاوقفہ سربراہی کیلئے ٹرانسفارمرس کی تنصیب پر 48 لاکھ 35 ہزار 847 روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ مینٹننس کاموں کیلئے 4.58 لاکھ مختص کئے گئے۔ وقف بورڈ کی جانب سے یہ رقم ضلع کلکٹروقارآباد کو جاری کی جائے گی اور مذکورہ کاموں کی تکمیل کی نگرانی کیلئے چیف ایگزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ کو نوڈل آفیسر مقرر کیا گیا۔