حیدرآباد 2 جنوری(سیاست نیوز) حکومت کی 6ضمانتوں پر مشتمل اسکیم کے درخواست فارمس کی وصولی کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی اور تمام شہریوں کو 6جنوری سے قبل درخواستوں کے ادخال کو یقینی بنانا چاہئے ۔ وزیر بی سی ویلفیر مسٹر پونم پربھاکر نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ا س بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ 6ضمانتوں سے استفادہ کیلئے پرجاپالانا پروگرام کے ذریعہ ’’ابھیا ہستم ‘‘ درخواست فارمس کے ادخال کی تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی اور نہ پرجا پالانا پروگرام میں کوئی توسیع کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 6 جنوری کے بعد جو لوگ درخواستوں کے ادخال کے خواہشمند ہیں انہیں سرکاری دفاتر پہنچ کر درخواستیں داخل کرنے کی سہولت حاصل رہے گی جن دفاتر میں ان درخواستوں کی وصولی کا مرکز رہے گا۔ پونم پربھاکر نے اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ انتظامی امور کے معاملہ میں سیاست کرنے کی بجائے عوام کو سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ حکومت کی سہولتوں اور اسکیمات سے عوام کو استفادہ کا موقع مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے وضاحت کردی ہے کہ ’ابھیا ہستم‘ اسکیم کی درخواستوں کی وصولی ایک مسلسل لائحہ عمل ہوگا لیکن 28 ڈسمبر تا 6جنوری حکومت نے عوامی حکمرانی کو فروغ دینے عوام میں پہنچ کر ان درخواستیں لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے فارمس ادخال کے مراکز پر ہنگامہ اور سیاست کرنے کی کوشش کرنے والی جماعتوں اور قائدین کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ان سے نمٹنے سخت گیر موقف اختیار کرے گی۔3