6 ماہ میں 80 ہزار سرکاری جائیدادوں پر تقررات: ہریش راؤ

   

پرچہ جات کے افشاء کے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی، عوام اپوزیشن کے پروپگنڈہ میں نہ آئیں
حیدرآباد۔/2 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اڈانی کمپنیوں کے 16 ہزار کروڑ کے قرض کو معاف کردیا ہے۔ سدی پیٹ ضلع کے نارائن راؤ پیٹ میں بی آر ایس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ مودی حکومت مخصوص کارپوریٹ گھرانوں کو سرکاری ادارے حوالے کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ منافع میں چلنے والے سرکاری اداروں کو اپنے قریبی افراد کے حوالے کرنے کی منصوبہ بندی کے خلاف ملک کے عوام کو آواز اٹھانا چاہیئے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل زرعی شعبہ اور کسانوں کو نظرانداز کردیا گیا تھا لیکن کے سی آر نے زرعی شعبہ کو منافع بخش اور خوشحال بنایا ہے۔ کانگریس پارٹی نے 40 برسوں میں پینے کے پانی اور آبپاشی کیلئے پانی سربراہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ تلنگانہ میں پانی کی ضرورت کی تکمیل ہوئی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ملک کی عوام کی نظریں کے سی آر کی طرف ہیں اور تلنگانہ کی طرح اسکیمات کا ملک بھر میں آغاز کرنے کی مانگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا کی ڈبل انجن سرکار عوام کو چار دن میں ایک بار پینے کا پانی سربراہ کررہی ہے۔ تلنگانہ کے ماسواء ملک کی 16 ریاستوں میں خواتین بیڑی ورکرس کیلئے پنشن کی سہولت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کو صرف کارپوریٹ گھرانوں کے مفادات کی فکر ہے۔ تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جہاں کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 16 اپریل کو تلنگانہ میں نیوٹریشن کٹ کی تقسیم کے دوسرے مرحلہ کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ووٹ کی خاطر نہیں بلکہ عوام کی ترقی کیلئے فلاحی اقدامات کررہے ہیں۔ سکریٹریٹ کی عمارت کو امبیڈکر کے نام سے موسوم کرتے ہوئے دلتوں کی تعظیم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو ماہ میں سدی پیٹ میں ٹرین سرویس کا آغاز ہوگا۔ ہریش راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ اپوزیشن کی الزام تراشی اور حکومت کے خلاف پرپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اراضی رکھنے والے غریب خاندانوں کو مکان کی تعمیر کیلئے امداد فراہم کرے گی۔ امتحانی پرچہ جات کے افشاء کا حوالہ دیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ اپوزیشن اس مسئلہ کو سیاسی رنگ دے رہی ہے۔ حکومت نے خود پرچہ جات کے افشاء کو بے نقاب کیا اور خاطیوں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ ریاست میں 80 ہزار سرکاری جائیدادوں پر اندرون چھ ماہ تقررات مکمل کرلئے جائیں گے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ وہ پارٹی کارکنوں کی مصیبت کے وقت ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ر