حکومت فوری اس کی وضاحت کرے، درخواستوں کے ساتھ بنک اکاؤنٹ کیوں طلب نہیں کیا جارہا ہے
حیدرآباد ۔ 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے کہا کہ 6 گیارنٹی پر عمل آوری کے تعلق سے عوام میں کئی شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔ حکومت فوری اس کی وضاحت کرتے ہوئے عوام کو راحت فراہم کرے۔ ہنمکنڈہ میں بی آر ایس پارٹی آفس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں شکست سے بی آر ایس کیڈر ہرگز مایوس نہ ہو بلکہ نئے جوش و خروش کے ساتھ لوک سبھا انتخابات کی تیاری کرے۔ کانگریس اور بی آر ایس کی کامیابی اور شکست میں صرف 1.7 فیصد ووٹوں کا فرق ہے۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج سے بی آر ایس کیڈر کو ڈرنے یا گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ بی آر ایس لوک سبھا انتخابات میں شاندار واپسی کرے گی۔ کویتا نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں فی الحال 44 لاکھ افراد کو آسرا پنشن دیا جارہا ہے۔ پہلے اس پنشن میں مزید چار ہزار روپئے کا اضافہ کرتے ہوئے اس کے بعد نئی درخواستیں وصول کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ کویتا نے کہا کہ 6 ضمانتوں کی عمل آوری کے معاملے میں عوام کو کئی شکوک و شبہات ہیں۔ درخواست گذاروں سے تمام تفصیلات طلب کی جارہی ہیں مگر بنک اکاؤنٹ کی تفصیلات طلب نہیں کی جارہی ہے جس سے عوام میں غیریقینی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ بنک اکاؤنٹس دوبارہ طلب کئے جائیں گے یا پھر ٹال مٹول کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ اس پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ گھریلو برقی صارفین کو اندرون 200 یونٹ برقی استعمال کرنے پر مفت برقی سربراہ کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ جنوری سے برقی بل ادا کریں یا نہ کریں اس کی بھی کوئی وضاحت نہیں گئی ہے۔ ساتھ ہی 200 یونٹ سے زیادہ برقی استعمال کرنے پر مکمل بل ادا کیا جائے یا جو اضافہ ہے صرف اس کا بل ادا کیا جائے اس کی بھی کوئی وضاحت نہیں ہے۔ اس کے علاوہ کئی گھروں میں مردوں کے نام گیس کنکشن ہے کیا ایسے کنکشنس کو 500 روپئے میں گیس دیا جائے گا یا نہیں حکومت اسکی بھی وضاحت کرے۔ حکومت نے بیروزگاری بھتہ کا بھی وعدہ کیا ہے مگر اس کی درخواستیں قبول نہیں کی جارہی ہیں۔2