600 سے زائد اُردو ٹیچرس کیلئے 12 روزہ تربیتی کیمپ

   


اُردو یونیورسٹی اور اقامتی اسکول سوسائٹی کا اشتراک، تدریس کے بہتر مواقع کی رہنمائی
حیدرآباد 12 ستمبر (سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی، سنٹرل فار پروفیشنل ڈیولپمنٹ آف اُردو میڈیم ٹیچرس اور مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے اشتراک سے 600 سے زائد اُردو ٹیچرس کے لئے 12 روزہ ٹریننگ پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ ٹی جی ٹی اور جونیر لکچررس اِس پروگرام میں شریک تھے۔ ٹریننگ پروگرام کا مقصد پیشہ وارانہ ترقی کو یقینی بنانا اور ٹیچرس کو طلبہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کے لئے رہنمائی کرنا ہے۔ 12 روزہ اورینٹیشن پروگرام کے تحت 50 ٹیچرس پر مشتمل 4 علیحدہ بیاچ تشکیل دیئے گئے تھے جنھیں 5 سیشنس میں روزانہ تربیت دی گئی۔ کورس کی تکمیل پر ٹیچرس میں سرٹیفکٹس کی تقسیم عمل میں آئی۔ یہ ٹریننگ پروگرام مولانا آزاد اردو یونیورسٹی اور اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے درمیان ڈسمبر 2021 ء کو یادداشت مفاہمت کے حصہ کے طور پر ہے۔ سکریٹری سوسائٹی بی شفیع اللہ نے ریاست میں 204 اقامتی اسکولوں کے قیام کا ذکر کیا اور کہاکہ غریب طلبہ کو حکومت کی جانب سے معیاری تعلیم دی جارہی ہے۔ اُنھوں نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی کیلئے نیا انقلاب شروع ہوا ہے۔ اُنھوں نے اقدار پر مبنی تعلیم کو عام کرنے کیلئے ٹیچرس کو اہم رول ادا کرنے کا مشورہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اُردو ٹیچرس کیلئے ٹریننگ پروگرام کے نتیجہ میں نہ صرف نصاب کی تکمیل میں مدد ملے گی بلکہ تدریس کے بہتر طریقے اختیار کئے جائیں گے۔ پروفیسر شیخ اشتیاق احمد رجسٹرار، پروفیسر صدیق محمد محمود ڈین اسکول آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ، پروفیسر ایم اے سمیع صدیقی اور دوسرے اِس موقع پر موجود تھے۔ ر