63برس قبل لاپتہ خاتون کا آن لائن اکاؤنٹ سے پتہ چل گیا

   

نیویارک : امریکی ریاست وسکونسن کی پولیس کا کہنا ہے کہ تقریباً 63 برس قبل لاپتا ہونے والی ایک خاتون کا پتا چلا لیا گیا ہے اور وہ زندہ اور خیریت سے ہیں۔پولیس نے حال ہی میں ان کی گمشدگی کی دوبارہ سے تفتیش شروع کی تھی۔آڈری بیکیبرگ کی عمر 20 سال تھی جب وہ 7جولائی 1962 کو وسکونسن کے چھوٹے سے شہر ریڈزبرگ میں واقع اپنے گھر سے غائب ہو گئیں تھیں۔سوک کاؤنٹی کے شیرف چِپ مائسٹر کے مطابق آڈری نے خود اپنی مرضی سے غائب ہونے کا فیصلہ کیا تھا اور اس میں کسی جرم یا سازش کا کوئی عمل دخل نہیں تھا۔ شیرف نے بتایا کہ وہ اب وسکونسن سے باہر ایک جگہ پر زندگی گزار رہی ہیں تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔وسکونسن میں لاپتا افراد کی فلاح کے لیے کام کرنے والے ایک ادارے کے مطابق آڈری بیکبرگ جب لاپتا ہوئیں، اس وقت وہ شادی شدہ تھیں اور ان کے دو بچے تھے۔ادارے کا کہنا ہے کہ آڈری نے لاپتا ہونے سے کچھ دن پہلے اپنے شوہر کے خلاف پْرتشدد رویے اور جان سے مارنے کی دھمکی کی شکایت درج کروائی تھی۔ ان کی شادی 15 سال کی عمر میں ہوئی تھی۔جس دن آڈری لاپتا ہوئیں، وہ اپنی تنخواہ کا چیک لینے کے لیے کام کی جگہ (ایک اونی مل) میں جا رہی تھیں ۔