کورونا ویکسین کی تیاری کا جائزہ، دو کمپنیوں کا دورہ، چیف سکریٹری سومیش کمار نے تفصیلات سے واقف کرایا
حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا ویکسن کی تیاری اور اس کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے 64 ممالک کے سفارتی عہدیداروں نے بیالوجیکل ای لمٹیڈ اور بھارت بائیو ٹیک لمٹیڈ کا دورہ کیا ۔ یہ دو کمپنیاں ملک میں کورونا ویکسن کی تیاری میں پیش پیش ہیں۔ مرکزی وزارت خارجہ حکومت ہند نے اس دورہ کا اہتمام کیا تھا تاکہ بیرونی سفارتکاروں اور ہائی کمشنرس کو ملک میں کورونا ویکسن کی تیاری کے سلسلہ میں پیشرفت اور ریسرچ سے واقف کرایا جائے۔ سفارتکاروں کے گروپ کو دو بیاچس میں تقسیم کیا گیا اور پہلے بیاچ کو بھارت بائیو ٹیک لمٹیڈ اور دوسرے بیاچ کو بیالوجیکل ای لمٹیڈ کا دورہ کرایا گیا۔ دوسرے مرحلہ میں دونوں بیاچس نے دوسری کمپنی کا دورہ کرتے ہوئے کورونا ویکسن کی تیاری کے سلسلہ میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس طرح 64 ممالک کے سفیروں اور ہائی کمشنرس نے دونوں کمپنیوں کا دورہ کرتے ہوئے ماہرین اور سائنسدانوں سے ملاقات کی ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے سفارتکاروں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ تلنگانہ حکومت ملک کی سب سے نوجوان ریاست ہے اور اس نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں گزشتہ 6 برسوں کے دوران غیر معمولی ترقی کی ہے۔ صنعتوں کے قیام اور سرمایہ کاری کے سلسلہ میں تلنگانہ کو ملک بھر میں بہترین اور موزوں مقام کا اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ کئی بین الاقوامی ادارے تلنگانہ میں قائم ہیں جن میں گوگل ، ایپل ، فیس بک ، امیزان، مائیکرو سافٹ اور دوسرے شامل ہیں۔ ان میں سے بیشتر کا امریکہ کے بعد سب سے بڑا نیٹ ورک حیدرآباد میں ہے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ تلنگانہ میں فارما سیکٹر نے غیر معمولی ترقی کی ہے اور 50 بلین امریکی ڈالر کا اس شعبہ کا کاروبار ہے۔ حیدرآباد ہندوستان ہی نہیں بلکہ دنیا کا ویکسن ہب ہے جہاں مجموعی ویکسن کا 33 فیصد تیار کیا جارہا ہے ۔ چیف سکریٹری نے سفارتکاروں کو بتایا کہ ریاستی حکومت نے صنعتوں کے قیام کے سلسلہ میں عاجلانہ منظوری کے لئے نئی ٹی ایس آئی پاس پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ اس پالیسی کے تحت صنعتوں کو اندرون 15 یوم تمام منظوریاں حاصل ہوجائیں گی ۔ 15 دن گزرنے کے بعد تمام منظوریاں از خود قابل قبول تصور ہوں گی ۔ حکومت کی اس پالیسی سے گزشتہ 6 برسوں میں 14 ہزار صنعتیں قائم ہوئی ہیں۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری انڈسٹریز و انفارمیشن ٹکنالوجی جیش رنجن نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں آئندہ چند ماہ میں فارماسٹی قائم کی جائے گی ۔ آؤٹر رنگ روڈ پر 500 ایکر اراضی پر طبی آلات کی تیاری سے متعلق میڈیکل ڈیوائیسز پارک قائم کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر ایڈیشنل سکریٹری وزارت خارجہ ونئے کمار ، پرنسپل سکریٹری پولیٹیکل وکاس راج ، کلکٹر میڑچل شویتا موہنتی ، مینجنگ ڈائرکٹر بیالوجیکل ای لمٹیڈ مس مہیماداٹلا اور بھارت بائیوٹیک کے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر کرشنا ایلا اور ایگزیکیٹیو ڈائرکٹر سائی پرساد موجود تھے۔