اوڈیشہ، جھارکھنڈ ، مغربی بنگال اور چھتیس گڑھ کا احاطہ، وزیرریلوے کو نقل و حمل میں بہتری کی امید
نئی دہلی: حکومت نے آج چار ریاستوں اوڈیشہ، جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور چھتیس گڑھ 7اضلاع میں ریلوے رابطے کو مضبوط بنانے کیلئے تقریباً 6500 کروڑ روپئے کے تین پراجکٹس کو منظوری دی۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں اقتصادی امور سے متعلق کابینی کمیٹی کی میٹنگ میں ان پروجکٹوں کو منظوری دی گئی۔ ریلوے کی وزارت کے ان تین پروجیکٹوں کی جملہ تخمینہ لاگت تقریباً 6,456 کروڑ روپئے ہے ۔ جمشید پور-پورولیا کے 121 کلومیٹر کے راستے پر تیسری لائن بچھانے ، آسنسول۔ اڈیشہ کے سندر گڑھ ضلع کو چھتیس گڑھ میں سردیگا سے بھلمودھا کے درمیان 37 کلومیٹر نئی لائن اور اڈیشہ میں بارگڑھ سے نوواپاڈا کے درمیان 138 کلومیٹر نئی لائن بچھانے کی منظوری دی گئی ہے ۔نامہ نگاروں کو یہ اطلاع دیتے ہوئے ریلوے ، انفارمیشن ٹکنالوجی اور اطلاعاتی نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ یہ پروجیکٹ دور دراز کے علاقوں کو جوڑ کر لاجسٹکس کی کارکردگی کو بہتر بنائیں گے ، موجودہ لائن کی گنجائش میں اضافہ کریں گے اور اس کے ساتھ ہی سپلائی نٹ ورک کو بھی وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی لائن کی تجاویز سے براہ راست رابطہ قائم ہوگا اور نقل و حمل میں بہتری آئے گی اور ہندوستانی ریلوے کی کارکردگی اور خدمات کے بھروسے میں اضافہ ہوگا۔ ملٹی ٹریکنگ کی تجویز آپریشن کو آسان بنائے گی اور بھیڑ کو کم کرے گی، اس طرح ہندوستانی ریلوے کے مصروف ترین حصوں پر انتہائی ضروری انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے۔ یہ پروجیکٹ وزیر اعظم نریندر مودی کے نیو انڈیا کے ویژن کے مطابق ہیں، جو مختلف شعبوں میں جامع ترقی کا باعث بنے گا اور لوگوں کو خود انحصار بنائے گا اور ان کے روزگار؍خود روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ویشنو نے کہا کہ یہ پروجیکٹ ملٹی ماڈل کنیکٹیویٹی کیلئے پی ایم-گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان کا نتیجہ ہیں جو مربوط منصوبہ بندی کے ذریعے ممکن ہوا ہے اور مسافروں ، سامان اور خدمات کی نقل و حمل کیلئے ہموار کنیکٹیویٹی فراہم کرے گا۔ یہ منصوبے دور دراز قبائلی اکثریتی علاقوں میں دیہی قبائلی برادریوں کے لوگوں کیلئے ملک کے مرکزی دھارے سے جڑنے میں آسانی پیدا کریں گے ۔