69 روہنگیا پناہ گزین کشتی میں انڈونیشیا کے ساحل پہونچے

   

جکارتہ : اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کی ایک اہل کار نے بتایا کہ کم از کم 69 روہنگیا پناہ گزین انڈونیشیا کے مغربی ساحل پر لکڑی کی ایک کشتی سے اترے جن میں اکثر یت خواتین اور بچوں کی تھی۔یو این ایچ سی آر کی اہل کار اوکٹینا ہفنتی کے مطابق کشتی انڈونیشیا کے مغربی صوبے آچے کے ساحل پر پہنچی۔ ایک مسافر نے بتایا کہ جہاز میں سوار کچھ افراد سفر کے دوران ہلاک ہو گئے۔نومبر کے بعد سے انڈونیشیا پہنچنے والی یہ چھٹی روہنگیا کشتی تھی۔2017 میں ہمسایہ ملک میانمار میں ظلم و ستم سے فرار ہو نے کے بعد،ایک اندازے کے مطابق تقریباً ایک ملین روہنگیا بنگلہ دیش میں پناہ گزین کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔ہر سال ہزاروں لوگ ناقص معیار کی کشتیوں اور مناسب حفاظتی بندوبست کے بغیر طویل اور پرخطر سمندری راستے سے ملائیشیا یا انڈونیشیا پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں جن میں سے بہت سوں کو منزل نصیب ہی نہیں ہوتی اور وہ بپھری ہوئی سمندری لہروں کا شکار ہو جاتے ہیں۔اہل کار نے مزید بتایا کہ پناہ گزینوں کو قریب ہی ایک عارضی پناہ گاہ میں منتقل کیا جا رہا ہے۔