7 لاکھ تک آمدنی پر ٹیکس نہیں ،نوجوانوں کو ہنرمند بنائیں گے

,

   

پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا کا اعلان۔جدید کورسیس متعارف کرینگے۔ وزیرفینانس نرملا نے بجٹ پیش کیا

نئی دہلی : مرکزی حکومت نے آج آمدنی کی حد جہاں تک انکم ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا، اس میں اضافہ کے بارے میں اعلان کردیا جس کا بے صبری سے انتظار تھا۔ اب مالی سال 2023-24ء سے سالانہ 7 لاکھ روپئے کی آمدنی پر کوئی ٹیکس عائد نہیں ہوگا۔ ابھی تک ٹیکس سے مستثنیٰ آمدنی کی حد 5 لاکھ روپئے تھی لیکن ایک شرط لگائی گئی ہے۔ تبدیلی صرف ان کیلئے لاگو ہوگی جو نیا ٹیکس سسٹم (این ٹی آر) اختیار کریں گے۔ مرکزی وزیرفینانس نرملا سیتارمن نے آج پارلیمنٹ میں بجٹ 2023-24ء پیش کرتے ہوئے پرسنل انکم ٹیکس کے بارے میں یہ اہم اعلان کیا۔ ٹیکس کا نیا سسٹم 2020ء میں متعارف کیا گیا تھا جسے اب بڑے پیمانے پر اختیار کیا جارہا ہے۔ نئے سسٹم کے تحت 5 سلاب یا زمروں کا خاکہ لاگو کیا جائے گا۔ وہ سلاب جس میں کوئی ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا، اس کی حد میں 50 ہزار روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ چنانچہ 3 لاکھ روپئے تک کی آمدنی پر ٹیکس عائد نہیں ہوگا۔ اب تک یہ حد 2.5 لاکھ روپئے تھی۔ اس کے بعد مزید 4 زمرے ہوں گے۔ وزیرفینانس نے نوجوانوں کے تعلق سے مودی حکومت کی طرف سے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بڑے پیمانے پر ہنرمند بنایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں وزیرفینانس نے پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا 4.0 کے آغاز کا اعلان کیا جس کے تحت آئندہ 3 سال میں لاکھوں نوجوانوں کو اس حد تک ہنرمند بنایا جائے گا کہ وہ روزگار حاصل کرسکے۔ اس اسکیم کے تحت ان افراد کو بھی ٹریننگ دی جائے گی جو موجودہ طور پر جاب کررہے ہیں۔ صنعت کے مختلف شعبوں کے درمیان شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا اور انڈسٹری کی ضرورتوں کے مطابق کورسیس متعارف کرائے جائیں گے۔ انہوں نے اس اسکیم کے بارے میں مزید جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ انڈسٹری کیلئے نئے دور کی ضرورتوں کی تکمیل کرنے والے کورسیس کا احاطہ کیا جائے گا جیسے کوڈنگ، آرٹیفیشل انٹلیجنس، روبوٹکس، میکا ٹرونکس، آئی او ٹی، 3D، پرنٹنگ، ڈرونس اور سافٹ اسکلس وغیرہ۔ وزیرفینانس نے اپنی بجٹ تقریر میں 30 اسکل انڈیا انٹرنیشنل سنٹرس کے قیام کی تجویز بھی پیش کی جو مختلف ریاستوں میں ہوں گے جہاں پر نوجوانوں کو بین الاقوامی مواقع سے استفادہ کے قابل بنایا جائے گا۔ نرملا سیتارمن نے کہا کہ نوجوان نسل کو طاقتور بنانے اور اس ’’امرت پیڑی‘‘کی اپنے خوابوں کی تعبیر ڈھونڈنے میں خاطرخواہ مدد کرنے نیشنل ایجوکیشن پالیسی وضع کی گئی ہے جو ہنرمندی اور معاشی پالیسیوں پر توجہ مرکوز کرے گی جس سے نوکریاں پیدا ہوں گی اور بزنس کے مواقع ابھر آئیں گے۔ وزیرفینانس نے کہا کہ مرکز 38,800 ٹیچرس اور معاون اسٹاف کی بھرتی کرے گی جو 740 ایکلویا ماڈل ریزیڈنشیل اسکولس میں خدمات انجام دیں گے جہاں 3.4 لاکھ قبائلی طلبہ زیرتعلیم ہیں۔

مرکزی بجٹ 2023-24ء کی جھلکیاں
نئی دہلی : مرکزی بجٹ 2023-24 ء جو آج پارلیمنٹ میں وزیر فینانس نرملا سیتارمن نے پیش کیا ، اس کی جھلکیاں حسب ذیل ہیں ۔
٭ موبائیل فونس ، کیمرے کے لینسیس سستے ہوں گے ۔ ڈومیسٹک مینوفیکچرنگ بڑھے گی ۔
٭ گولڈ ، سلور اور ڈائمنڈس ، سگریٹ ، امپورٹیڈ ربر مہینگے ہوجائیں گے ۔
٭ ای پی ایف رقم نکالنے پر ٹی ڈی ایس میں کمی ، ای پی ایف او کی تعداد 27کروڑ ہوگئی ۔
٭ 50 نئے ایرپورٹس اور ہیلی پورٹس تعمیر کئے جائیں گے ۔
٭ کے وائی سی کو سادہ بنایا جائے گا ۔ ڈی جی لاکر کے استعمال میں اضافہ ہوگا ۔
٭ 30 اسکل انڈیا انٹرنیشنل سنٹرس قائم کئے جائیں گے ۔ برآمدات کو فروغ حاصل ہوگا ۔
٭ نئے ٹیکس سسٹم میں سلاب کی تعداد گھٹاکر 7 سے 5 کردی گئی ہے ۔