7 ریاستوں کی 13 اسمبلی نشستوں کیلئے ضمنی چناؤ کا انعقاد

   

نئی دہلی: ملک بھر کی 7 ریاستوں میں پھیلی ہوئی 13 اسمبلی نشستوں کیلئے آج ضمنی چناؤ کے تحت ووٹ ڈالے گئے۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد یہ پہلا انتخابی عمل ہے جس میں کئی سینئر سیاستدانوں اور بعض نئے لیڈروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ مغربی بنگال کے 4 اسمبلی حلقوں میں پولنگ ہوئی لیکن ناخوشگوار معاملہ یہ ہیکہ کئی مقامات پر مختلف پارٹیوں کے کارکنوں میں جھڑپ ہوئی۔ مدھیہ پردیش کے اسمبلی حلقے امرواڑا میں سب سے زیادہ 78.38 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ ہماچل پردیش کی 3 سیٹوں کیلئے بھی آج ووٹ ڈالے گئے جہاں 68 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان 13 جولائی کو کیا جائے گا۔