7 نو منتخب ارکان قانون ساز کونسل کو صدرنشین سکھیندر ریڈی نے حلف دلایا

   

ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کی شرکت، کانگریس ، بی جے پی اور سی پی آئی ارکان شامل
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کیلئے منتخب 7 نئے ارکان کو آج حلف دلایا گیا۔ ایم ایل اے ، ٹیچرس اور گریجویٹس زمرہ جات سے یہ ارکان منتخب ہوئے ہیں۔ کانگریس سے تعلق رکھنے والے نو منتخب ارکان وجئے شانتی ، ادنکی دیاکر اور شنکر نائک کے علاوہ سی پی آئی کے این ستیم نے آج عہدہ کا حلف لیا۔ گریجویٹ اور ٹیچرس زمرہ میں منتخب انجی ریڈی ، کمریا اور سری پال ریڈی کو بھی صدرنشین کونسل جی سکھیندر ریڈی نے حلف دلایا۔ ان میں دو کا تعلق بی جے پی سے ہے۔ ارکان اسمبلی زمرہ میں منتخب بی آر ایس کے ڈاکٹر شراون بعد میں حلف لیں گے ۔ قانون ساز کونسل کے احاطہ میں واقع صدرنشین کے چیمبر میں حلف برداری تقریب منعقد کی گئی ۔ کانگریس اور سی پی آئی ارکان کی حلف برداری کے موقع پر نائب صدرنشین بنڈا پرکاش مدیراج ، ریاستی وزراء سریدھر بابو ، اتم کمار ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، ارکان کونسل جناب عامر علی خاں ، پی مہیندر ریڈی ، سابق وزیر کے جانا ریڈی ، ارکان کونسل بی لکشما ریڈی ، بالو نائک ، پی راجیشور ریڈی ، رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی و دیگر موجود تھے۔ بی جے پی ارکان کی حلف برداری کے موقع پر مرکزی وزیر جی کشن ریڈی ، ارکان پارلیمنٹ ڈاکٹر لکشمن ، رگھو نندن راؤ اور دیگر موجود تھے۔ صدرنشین جی سکھیندر ریڈی نے نو منتخب ارکان کو مبارکباد پیش کی اور انہیں کونسل کے قواعد سے متعلق بکس حوالے کئے ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس ارکان وجئے شانتی اور ادنکی دیاکر نے کہا کہ وہ عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے قانون ساز کونسل میں مسائل پیش کریں گے ۔ انہوں نے کونسل کیلئے نامزدگی پر کانگریس ہائی کمان اور چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ سی پی آئی رکن این ستیم کو کانگریس رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے مبارکباد پیش کی اور متحدہ نلگنڈہ ضلع کی ترقی کیلئے کام کرنے کا مشورہ دیا ۔1