7 ہندووں کی جان بچانے والے وارث خان کو چیف منسٹر مدھیہ پردیش کا ایک لاکھ کا انعام

   

بھوپال ۔ مدھیہ پردیش کے راج گڑھ میں ایک تیز رفتار کار اچانک الٹ کر ندی میں گر گئی۔ اس میں 7 لوگ تھے۔ حادثے کے فوراً بعد وارث خان نامی شخص جو وہاں سے موٹر سائیکل پر گزر رہا تھا گاڑی میں پھنسے لوگوں کی مدد کیلئے پہنچ گیا۔ اس نے بہادری کا مظاہرہ کرکے گاڑی میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالا اور جان بچائی۔ ریاست کے چیف منسٹر موہن یادو نے وارث خان کو ایک لاکھ روپے کا انعام دیا ہے۔حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر موہن یادو نے کہا کہ ‘اچانک ہائی وے پر ایک کار، جس کے بریکس پھنس گئے کار چار بار الٹ کر خشک دریا میں جا گری۔ گاڑی کے گیٹ بند ہوگئے۔ کار میں سوار 7 لوگوں کی زندگیاں داؤ پر تھیں ایسے میں وارث خان نے 7 افراد کی جان بچائی ۔ انہوںنے کہا کہ بیاورہ کا رہائشی وارث خان، جو پلمبر ہے، اپنے بچے کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا۔ فوراً موٹر سائیکل روک کر وہ گاڑی کے گیٹ کا شیشہ توڑ دیا۔ اس نے 7 لوگوں کی جان بچائی ۔ میں وارث خان کو اس عظیم کام کیلئے مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ مدھیہ پردیش حکومت سے وارث خان کو ایک لاکھ روپے؎انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ ہم نے راج گڑھ انتظامیہ سے کہا کہ ہمیں بھی 15 اگست کو عوامی سطح پر ان کا اعزاز دینا چاہیے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں آپ سے دوبارہ اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ دکھ اور مصیبت کے وقت ہمیشہ ایک دوسرے کی مدد کریں۔ ایسے لوگ ہماری ریاست کے ساتھ ملک کو بھی شہرت دیتے ہیں۔