7 6سال میں دوسری شادی کے چندہفتوں بعد سیاستدان کی موت

   

بھوپال ۔6؍ڈسمبر ( ایجنسیز )مدھیہ پردیش میں ساگر کے لاجپت پورہ وارڈ سے تعلق رکھنے والے 67 سالہ سابق کونسلر نعیم خان کا جمعہ کو علی الصبح ان حالات میں انتقال ہو گیا جس نے ان کے خاندان اور سیاسی حلقے دونوں میں کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ وہ ایک 25 سالہ خاتون سے اپنی دوسری شادی کے بعد خبروں میں تھے۔ اچانک طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہاسپٹل لیجایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ صرف دو ماہ قبل ایک نوجوان خاتون کی جانب سے سنگین الزامات کا سامنا کرنے کے بعد انہیں بی جے پی سے چھ سال کیلئے نکال دیا گیا تھا۔ تنازعہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب، شادی کے فوراً بعد ان کی نئی بیوی نے گوپال گنج پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جس کے نتیجے میں شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔خاندان نے دوسری شادی کے بعد پریشانی کا الزام لگایا ہے۔ان کی موت کے بعد ان کی بہو شیکھا خان نے ایک اہم دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ستمبر میں اپنی شادی کے بعد سے انتہائی پریشان تھے۔

ان کے مطابق خان اور ان کی نوجوان بیوی کے درمیان جھگڑے معمول بن چکے تھے جس سے ان کی پریشانی میں اضافہ ہوا۔اہل خانہ نے اب مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔