7 اکتوبر کے بعد پہلی باراسرائیل ۔لبنان سرحد پُرسکون

   

بیروت: اسرائیل اور حماس کے درمیان چار دن کے لیے جنگ بندی شروع ہوتے ہی لبنان کی جنوبی سرحد پر بھی سکون لوٹ آیا ہے۔ قطر، مصر اور امریکہ کی کوششوں سے غزہ کی جنگ میں مختصر وقفے کا فیصلہ چہارشنبہ کی رات ہوا تھا، جس پر جمعہ کی صبح سے عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل 7 اکتوبر سے اسرائیل اور غزہ کی جنگ شروع ہوتے ہی لبنانی جنوبی سرحد پر بھی اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان مسلسل گولہ باری کے واقعات شروع ہو گئے تھے، جن میں جمعرات کے روز کافی تیزی آگئی تھی۔تاہم ابھی تک حزب اللہ نے اس مختصر جنگی وقفے کے بارے میں کوئی ایسی بات نہیں کہی جس سے یہ اندازہ ہو کہ حزب اللہ اس معاہدے کی پابندی کرے گی یا نہیں، تاہم ایک غیر اعلانیہ انداز میں لبنانی سرحد کے آر پار خاموشی اور سکون دیکھا گیا ہے۔بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق لبنان کے مرجاؤن بارڈر کے نزدیک جنگ بندی شروع ہونے سے دس منٹ پہلے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی آوازیں سنی گئیں لیکن بعد ازاں دونوں طر ف کی بندوقیں خاموش ہو گئیں۔لبنانی سرحد کے نزدیک الما الشعب کے قریب رہنے والے ایک مقامی شخص نے بتایا آج سکون کا احساس ہے ۔