تجارتی اداروں کی جانب سے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں عطیات حوالے
حیدرآباد ۔30۔مارچ (سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے لاک ڈاون سے متاثرہ 700 آٹو ڈرائیورس میں اشیائے ضروریہ تقسیم کئے ۔ ہریش راؤ نے آج غریب آٹو ڈرائیورس کو 1250 روپئے مالیاتی اناج اور دیگر اشیاء کے پیاکٹس حوالے کئے ۔ لاک ڈاؤن کے سبب روزانہ محنت مزدوری کرنے والے افراد بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریبوں کی بھلائی اور امداد کی پابند ہے۔ سدی پیٹ ضلع ہیڈکوارٹر میں ایکسپریس بس اسٹانڈ کے حدود میں ہریش راؤ نے آٹو ڈرائیورس سے ملاقات کی اور اناج حوالے کیا۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے سفید راشن کارڈس رکھنے والوں میں 12 کیلو چاول اور 1500 روپئے تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ کارڈ نہ رکھنے والے غریبوں کیلئے انہوں نے اناج کی تقسیم کا منصوبہ تیارکیا ہے۔ اس موقع پر میونسپل چیرمین اور دیگر ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔ اسی دوران ہریش راؤ نے سدی پیٹ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ لاک ڈاون کی سختی سے پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ صرف احتیاطی تدابیر کے ذریعہ ممکن ہے ۔ عوام کو گھروں تک محدود رہتے ہوئے نہ صرف خود کو بلکہ سماج کو وائرس سے بچانا چاہئے ۔ اسی دوران مختلف اداروں اور تنظیموں کے نمائندوں نے ہریش راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں عطیات کا اعلان کیا۔ سدی پیٹ کے ممتاز تاجر ڈی بال راجیشم نے پانچ لاکھ روپئے ، جے ملیشم نے ایک لاکھ روپئے ، راما راو نے ایک لاکھ روپئے ، ایم وینکٹ ریڈی نے ایک لاکھ روپئے اور فوٹو اینڈ ویڈیو گرافر اسوسی ایشن کی جانب سے 10,000 روپئے کا عطیہ دیا گیا۔ ہریش راؤ نے تاجرین اور تنظیموں سے اظہار تشکر کیا۔