76 بچوں کو بچانے والی ہیڈکانسٹیبل کو پروموشن

   

نئی دہلی : دہلی کے سمے پور بدلی پولیس اسٹیشن سے تعلق رکھنے والی خاتون ہیڈ کانسٹیبل سیما ڈھاکہ کو 76 گمشدہ بچوں کو تلاش کرنے اور ان کے سرپرستوں سے ملانے کا کارنامہ انجام دینے پر قبل از وقت پروموشن دیا گیا ہے۔ سیما نے یہ کارنامہ دہلی اور دوسری ریاستوں میں انجام دیا۔ سیما کیلئے بچوں کو بچانے کا سب سے بڑا چیلنج اس سال اکتوبر میں مغربی بنگال میں تھا جہاں انہوں نے ایک معصوم بچے کو بچایا تھا۔ پولیس ٹیم نے کشتیوں کے ذریعہ دو دریاؤں کو پار کرکے بچے کو تلاش کیا تھا۔ دہلی پولیس کمشنر ایس این سریواستو نے گزشتہ تین ماہ کے دوران ماں باپ سے بچھڑے ہوئے کئی بچوں کو ملانے کا گراں قدر کام کرنے پر خاتون ہیڈ کانسٹیبل سیما ڈھاکہ کو ترقی دی ہے۔ انہوں نے سیما کیلئے ترغیبی اسکیم کا بھی اعلان کیا۔ سیما نے ایک سال کے اندر 14 سال سے کم عمر کے تقریباً 50 بچوں کو بچایا ہے۔ اس اسکیم کے تحت سیما پہلی خاتون ہے جسے اندرون تین ماہ پروموشن دیا گیا ہے۔