8کروڑ روپے مالیت کی جعلی ادویات ضبط، 7 گرفتار

   

نئی دہلی: آٹھ کروڑ روپے مالیت کی بین الاقوامی برانڈ کی جعلی دوائیں ضبط کی گئیں اور اس سلسلے میں قومی راجدھانی دہلی سے سات لوگوں کو گرفتار کیا گیا، پولیس نے منگل کو بتایا۔ گرفتاریوں کے ساتھ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے ایک بین الاقوامی سنڈیکیٹ کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو زندگی بچانے والی جعلی ادویات تیار کر رہا تھا۔ ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ ہم نے بھاری مقدار میں کھلی ادویات، پیکٹ، پیکیجنگ میٹریل اور مشینری کا سامان بھی ضبط کیا ہے۔ ملزمان کی شناخت پبیترا نارائن پردھان، شبھم مننا، پنکج سنگھ بوہرا، انکت شرما عرف انکو عرف بھجی، رام کمار عرف ہربیر، ایکانش ورما اور پربھت کمار کے طور پر کی گئی ہے۔ کرائم برانچ کے ڈی سی پی رویندر یادو نے کہا آئی ایس سی کرائم برانچ، دہلی میں ایک بین الاقوامی گینگ کے ملوث ہونے کے بارے میں کچھ اہم معلومات ملی ہیں جو کہ کینسر کی زندگی بچانے والی جعلی ادویات کی تیاری اور سربراہی کرتی ہیں۔ یہ افراد بین ریاستی لین دین میں ملوث تھے۔ ملزمان طویل عرصے سے زندگی بچانے والی جعلی ادویات کی فراہمی میں مصروف تھے۔ ملزمان کینسر کے مریضوں کی بیماری اور مصائب سے منافع کما رہے تھے، انہیں جعلی ادویات فراہم اور فروخت کر رہے تھے جن میں کوئی فعال اجزا نہیں تھا اور معصوم افراد کی قیمتی جانوں سے کھیل رہے تھے۔ پہلے ہی کینسر جیسی جان لیوا بیماری میں مبتلا ہیں۔