زیر التواء بلدیات کے چیرمین اور وائس چیرمین انتخابات پر بی آر ایس کی گہری نظر
حیدرآباد ۔16 ۔ فروری (سیاست نیوز) بی آر ایس پارٹی نے زیر التواء میونسپل چیرمین اور وائس چیرمین انتخابات کیلئے اپنی حکمت عملی تیز کردی ہے ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے حکمراں کانگریس پر انتخابی عمل میں غنڈہ گردی اور سازشوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کل کے انتخابات کے لئے بی آر ایس پارٹی مکمل طور پر چوکسی اختیار کرے گی اور مقامی قیادت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ کے ٹی آر نے آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کل جن بلدیات کے چیرمین اور وائس چیرمین کے انتخابات منعقد ہونے والے ان کیلئے پارٹی نے خصوصی انچارجس کو مقرر کیا ہے ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے آج پارٹی کے قائدین سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض مقامات پر حکمراں جماعت کی جانب سے غیر قانونی طور پر اغواء کے واقعات پیش آئے۔ دھمکیوں اور پولیس کی زیادتیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کی بی آر ایس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے سینئر قائدین کو بطور مبصر اور انچارج متعلقہ بلدیات کو بھیجا جائے گا تاکہ انتخابی عمل کی موثر نگرانی کی جاسکے۔ کل جن بلدیات پر انتخابات ہونے والے ہیں، ان میں پارٹی کو چیرمین کی نشست جیتنے کا واضح امکان ہے اس لئے ان انتخابات کو انتہائی سنجیدگی سے لیاجارہا ہے ۔ پارٹی نے جن بلدیات کیلئے مبصرین مقرر کئے ہیں، ان میں تھرور ، جنگاؤں ، کتہ پلی ، خانہ پور، کاغذ نگر، ظہیر آباد، اندریشم ، کیتن پلی شامل ہیں۔ متعلقہ بلدیات کے لئے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاکہ پارٹی امیدواروں کے مفادات کا تحفظ کیا جاسکے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ہماری پارٹی جمہوری عمل کے تحفظ کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گی اور کسی بھی مبینہ بے ضابطگی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پارٹی نے واضح کیا کہ مقامی قیادت کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا اور ساتھ ہی انتخابی نتائج پر گہری نظر رکھی جائے گی۔2